وزیر اعظم نریندر مودی کا عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا استقبال

وزیر اعظم نریندر مودی کا عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کا استقبال

بھارت،عرب تعلقات، تجارت، توانائی اور خطے میں امن کے فروغ پر تبادلہ خیال

سرینگر/ یو این ایس / / وزیر اعظم نریندر مودی نے عرب ممالک کے وزرائے خارجہ، لیگ آف عرب اسٹیٹس کے سکریٹری جنرل اور عرب وفود کے سربراہوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم کیا۔ یہ وفد بھارت،عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی دوسری میٹنگ میں شرکت کے لیے بھارت کے دورے پر ہے۔یو این ایس کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے ہندوستان اور عرب ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے گہرے، تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا، جنہوں نے وقت کے ساتھ دونوں خطوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنیادیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ روابط باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں اور بدلتے عالمی حالات میں مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم نے آئندہ برسوں کے لیے ہندوستان،عرب شراکت داری کے اپنے وڑن کا خاکہ پیش کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، جدید ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اشتراک دونوں خطوں کے عوام کے مشترکہ مفادات کو فروغ دے گا۔وزیر اعظم نے فلسطین کے عوام کے لیے بھارت کی مسلسل اور اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ امن منصوبے سمیت خطے میں جاری امن کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں عرب لیگ کے اہم اور تعمیری کردار کی ستائش بھی کی۔اس دوران وزیر اعظمب نریندر مودی نے ملک میں دو نئے رامسر مقامات کے اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرطوب زمینوں کے تحفظ کے لیے بھارت کی عہدبستگی کا اعادہ کیا ہے۔ نئے تسلیم شدہ رامسر مقامات میں اترپردیش کے ضلع ایٹا میں واقع پٹنہ برڈ سینکچری اور گجرات کے ضلع کچھ میں واقعچھاری،ڈھنڈھ شامل ہیں۔وزیر اعظم نے مرطوب زمینوں کے تحفظ میں مقامی آبادی اور دیگر شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شناخت حیاتیاتی تنوع اور اہم ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی عکاس ہے۔مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپندر یادو کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ کے جواب میں، وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ پٹنہ برڈ سینکچری اور چھاری،ڈھنڈھ کو رامسر مقامات کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ مرطوب علاقے نقل مکانی کرنے والے اور مقامی چرند و پرند کے لیے محفوظ مسکن کے طور پر فروغ پاتے رہیں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی ورثے کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔