عوامی مسائل کے اَزالے کی یقین دہانی کی
جموں// وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے آج کنٹریکٹرز کوآرڈی نیشن کمیٹی (سی سی سی ) کے ایک وفد نے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں جل جیون مشن کے تحت زیر اِلتوا ٔاَدائیگیوں کے اجرأ سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ پورے یونین ٹیریٹری میں ٹھیکیداروں کو کام کے بِلوں کی اَدائیگی میں تاخیر کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے وزیر سے درخواست کی کہ اصلاحات سے منسلک ایم او یو پر جلد دستخط اور فنڈز کی بروقت اِجرائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بقایا جات کی اَدائیگی ہو سکے اور اہم عوامی کاموں کی تکمیل بغیر رُکاوٹ جاری رہے۔اِسی دوران سانبہ، ریاسی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی دیگر وفود نے بھی وزیرموصوف سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے علاقوں اور سیکٹروںسے متعلق مسائل اور مطالبات پیش کئے۔ اِس کے علاوہ ایک وفد نے زرعی زمین اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لئے بنڈوںکی تعمیر اور پانی جمع ہونے اور صفائی ستھرائی کے مسائل کے حل کے لئے مناسب نکاسی آب کے نظام کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔اِسی طرح ایک اور وفد نے پی ایچ ای ڈویژن کشتواڑ میں زیر اِلتوأ اُجرتوں کی اَدائیگی کا مطالبہ کیا اوراسے جلد از جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔دیگر وفود نے بھی اپنے متعلقہ محکموں سے وابستہ مختلف اِنفرادی خدمات کے معاملات اُٹھائے اور ان کے بروقت حل کی اپیل کی۔وزیرجاوید رانا نے تمام وفود کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اِن معاملات کا جائزہ لے کر ان کے بروقت حل کے لئے ضروری اَقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ نچلی سطح کے مسائل کے حل اور تمام علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔










