وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے کولگام میں دو روزہ جموںوکشمیر ٹریڈ فیئر کا اِفتتاح کیا

کہا، صنعت کاری ہی جموںوکشمیرکی مستقبل کی ترقی کی محرک قوت ہے

کولگام// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کولگام ضلع اِنتظامیہ اور’ مشن یووا‘ کے اِشتراک سے منعقدہ دو روزہ جموں و کشمیر بزنس و ٹریڈ فیئر کا اِفتتاح کیا۔اِس میلے کا مقصد اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور کاروباری اِختراع وترقی کے خواہشمند کاروباری اَفراد کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اِفتتاح کے بعد کاروباری اَفراد اور مختلف تجارتی اِداروں کی جانب سے سے لگائے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے شرکأ سے بات چیت کی اور ضلع میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروبار کو فروغ دینے میں اُن کی کاوشوں کو سراہا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جہاںروزگار پیدا کرنے کے لئے کام کر رہی ہے وہیں ہر کسی کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا، خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے اور ’مشن یووا‘ جیسی سکیمیں اِسی مقصد کے لئے متعارف کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ بینک مختلف کاروباری سکیموں کے تحت کیسوں کی منظوری اور رقوم کی فراہمی کو آسان بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کی کہ حکومت اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مشن یوتھ کا مقصد نوجوانوں کو اِختراعی آئیڈیاز اَپنانے، دیرپا کاروبار قائم کرنے اور خطے کی معاشی ترقی میں کردار اَدا کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ خود بھی روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تجارتی میلے معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیوں کہ یہ اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کو اَپنی صلاحیتیں دِکھانے، بڑے بازاروں تک رَسائی حاصل کرنے اور کاروباری روابط بڑھانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے مختلف کاروباری یونٹوں، محکماتی نمائشوں اور کاروباری اِداروں کے سٹالوں کا معائینہ کیا اور شرکأ سے اِستفساری گفتگو کی ۔ اُنہوں نے’ مشن یووا‘سکیم کے اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر وزیربرائے تعلیم، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے کہا کہ نوجوان اَنٹرپروینیور شپ سکیموں میں بھرپور دلچسپی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ متعدد اِستفادہ کنندگان کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے اور متعدد معاملات کو منظوری دی گئی ہے ۔ اُنہوں نے زور دیا کہ معاملات کی جلد از جلد کارروائی ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان فائدہ اُٹھا سکیں۔رُکن قانون ساز اسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے مواقع سے بھرپور اِستفادہ کریں۔تقریب میں وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو ، چیئرمین ڈِی ڈِی سی کولگام محمد افضل پرے، ممبر اسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی، ممبر قانون ساز اسمبلی دیوسر پیرزادہ فیروز احمد، سیکرٹری محنت و روزگار کُمار راجیور رنجن ، سیکرٹری اِنفارمیشن ڈیپارٹمنٹ منیر الاسلام، ڈِی ڈِی سی کولگام اطہر عامرخان، مشن ڈائریکٹر مشن یووا شاداب عالم، دیگر سینئر اَفسران، کاروباری تنظیموں کے نمائندے، کاروباری اَفراد اور نوجوان صنعت کار موجود تھے۔اِس موقعہ پر کپیسٹی بلڈنگ کی تکمیل کے سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے، مشن یووا کے منظوری نامے اِستفادہ کنندگان کو دئیے گئے اور مشن یووا اور او این ڈِی سی کے درمیان مفا ہمت ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا اور دو روزہ میلے کے اِنعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی ۔ مشن ڈائریکٹر شہزاد عالم نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔