سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اَپنے جاری عوامی رابطہ اقدام کے تحت عوامی رسائی ’ رابطہ ‘ آفس سری نگر میں مختلف وفود اور اَفراد سے ملاقات کی تاکہ لوگوں کے مسائل کو اَزالہ کیا جاسکے۔ملاقات کرنے والے وفود میں نائب صدرجموں و کشمیر ٹیچرز فورم (جے کے ٹی ایف) کی سربراہی میں ایک ٹیم نے وزیر اعلیٰ کو تعلیمی شعبے میں اصلاحات سے متعلق تجاویز پیش کیں اور تدریسی کمیونٹی کے حالیہ مسائل اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔اِسی طرح چیئرمین بارہمولہ سول سوسائٹی کی قیادت میں ایک وفد نے ضلع بارہمولہ سے متعلق اہم ترقیاتی امور پر توجہ دِلائی جو عوامی فلاح و بہبود سے وابستہ ہیں۔جے کے پی سی سی کے ایس آر او ۔43اُمیدواروں کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ان کی زیر اِلتوا ٔہمدردانہ تقرری کے معاملات کو جلد حل کرنے کی اپیل کی۔ایک اور ملاقات میںصدر جموں و کشمیر ایمپلائز کوآرڈی نیشن کمیٹی اور اُن کی ٹیم نے ملازمین کی فلاح و بہبود، سروس کی شرائط اور اَفرادی قوت کے دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے ملازمین دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا اور کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت نے ملازمین کی فلاح کے لئے مثبت اقدامات کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کو بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ جائز مطالبات اور شکایات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور جلد از جلد مناسب کاررِوائی کی جائے گی۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت ذمہ دار حکمرانی کے لئے پُرعزم ہے اور تمام شعبوں میں لوگوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے پر مرکوز ہے۔ اِس موقعہ پر مشیر پنجاب ہیرٹیج و ٹوراِزم پروموشن بورڈ ، محکمہ سیاحت و ثقافتی اَمور حکومت پنجاب دیپک بالی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور سیاحت سے متعلق مختلف اقدامات اور بین الصوبائی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔










