Narinar Modi

وزیراعظم مودی کا2دن کا دورہ امریکہ متوقع

سری نگر//دنیا بھرکے193ممالک کے مشترکہ فورم ’اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا76واں سالانہ اجلاس 14ستمبر سے شروع ہوگا،جس میں دنیا کے کئی سربراہان مملکت وحکومت کی شرکت متوقع ہے ،جن میں وزیراعظم نریندرمودی بھی شامل ہیں ،جو ممکنہ طورپر 23اور24ستمبرکوواشنگٹن اور نیویارک کادورہ کریں گے ۔کشمیر نیوزسروس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈکوراٹر واقع نیویارک امریکہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امسال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کاسالانہ اجلاس14ستمبر کوشروع ہوگا ،تاہم عمومی اوراعلیٰ سطح کااجلاس 21ستمبر سے27ستمبرتک جاری رہے گا ،جس دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوترس ،امریکہ کے صدر جوبائیڈن اوروزیراعظم نریندرمودی سمیت کئی ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت،جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔اقوام متحدہ دفترکے مطابق14سے20ستمبر کواقوام متحدہ دفتر سے جڑے معاملات کونپٹانے کیساتھ ساتھ حالیہ برسوںمیں منعقدہ جنرل اسمبلی اجلاسوں کے دوران لئے گئے فیصلوںکی عمل آوری اورپیش کردہ تجاویز کابھی جائزہ لیاجائیگا،جس کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔اس دورانمختلف کمیٹیوں اورسب کمیٹیوںکی پیش کردہ رپورٹوں اورتجاویز کوبھی جنرل اسمبلی کے سامنے رکھاجائیگا۔اقوام متحدہ دفتر کے مطابق 21سے27ستمبر تک جاری رہنے والے جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس کے ایجنڈے کوتیارکیا گیاہے جبکہ اس سالانہ اجلاس سے خطاب کرنے والے دنیا بھرکے لیڈروں کیلئے الگ الگ دن ،تاریخ اوروقت کاتعین بھی کیاگیاہے ۔اس دوران میڈیارپورٹس میں بتایاگیا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم مودی امریکہ جائیں گے اوروہاں 2روزتک قیام کے دوران جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس سے خطاب کریں گے اورامریکی صدرجوبائیڈن کیساتھ اہم ملاقات کریں گے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم مودی کے 2روزہ دورہ امریکہ کے شیڈول کوحتمی شکل دی جارہی ہے تاہم ابھی تک مرکزی سرکارکی جانب سے اسبارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔بتایاجاتاہے کہ وزیراعظم نریندرمودی 23ستمبر کوامریکہ پہنچیں گے ،جہاں وہ اسی دن واشنگٹن میں امریکی صدر جوبائیڈن کیساتھ اہم ملاقات کریں گے ،جس دوران دونوں رہنما ہندامریکہ تعلقات کیساتھ ساتھ افغانستان کی صورتحال اوردیگرعلاقائی وعالمی امورات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔اگلے روز یعنی24ستمبر کووزیراعظم مودی واشنگٹن سے نیویارک پہنچیں گے ،جہاں وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے76ویں اجلاس سے خطاب کریں گے ۔