ورلڈ کپ سیمی فائنل کون کھیلے گا؟ ٹنڈولکر نے چار ٹیموں کے نام بتا دیے

تمام شائقین کرکٹ کی توجہ اس ہفتے کے آخر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ پر مرکوز ہوگی۔
عالمی ٹورنامنٹ میں جہاں دفاعی چیمپیئن اور میزبان آسٹریلیا ایک اور شاندار پرفارمنس دینے کے لیے کوشاں ہو گی وہیں بھارت، پاکستان اور دیگر بڑی ٹیموں کے لیے سخت چیلنج ہوگا۔کرکٹ کے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے مارکی ایونٹس 2022 کے ایڈیشن کے لیے اپنی چار سیمی فائنلسٹ کا انتخاب کیا ہے۔ایونٹ کے لیے انہوں نے دو چھپی رستم ٹیموں کا بھی انتخاب کیا جو ٹورنامنٹ میں بہت آگے جا سکتی ہیں۔ٹنڈولکر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارت چیمپئن بنے لیکن میری نظر میں ٹاپ 4ٹیمیں بھارت، پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ ہوں گی۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ ڈارک ہارس ہیں، کیوں کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز وہی ہیں جن کا سامنا جنوبی افریقیوں کو ستمبر اکتوبر میں اپنے وطن میں ہوتا ہے اس لیے وہ ان حالات کے عادی ہیں۔بھارت اپنی مہم کا آغاز اتوار کو میلبرن میں پاکستان کے خلاف کرے گا۔سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ ہاں، ہمارے پاس بہت اچھا موقع ہے، یہ ٹیم بہت اچھی طرح متوازن ہے اور ہمارے پاس آگے جانے اور ڈیلیور کرنے کا کمبینیشن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت میں بھارتی ٹیم کے امکانات اور ٹورنامنٹ کے اختتام تک پہنچنے کے لیے پر امید ہوں۔انہوں نے جسپریت بمراہ کی ایونٹ میں عدم شرکت کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ بہترین فاسٹ باؤلرز میں سے ایک ہیں، جن کے نہ ہونے سے ظاہر ہے ٹیم پر اثر پڑے گا۔سچن نے کہا کہ بمراہ بھارتی پلیئنگ الیون کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں، ایک اسٹرائیک بولراور اسٹینڈ آؤٹ پرفارمر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لیکن مثبت بات یہ ہے کہ ٹیم نے اس چیز کو قبول کر لیا ہے اور آگے بڑھ گئی ہے کیونکہ آپ ناکامیوں سے نہیں پھنس سکتے۔