وراٹ کوہلی ٹی20ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی

سری نگر//کرکٹ کی دنیا میں بدھ کودواہم کارنامے انجام دئیے گئے اوردونوںکارنامے بھارتی کر کٹ کھلاڑیوںکے نام رہے ۔جے کے این ایس کے مطابق دنیا کے مشہور کرکٹر اوربھارتی ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی بدھ کے روزآسٹریلیا کے ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میںجب 16تک پہنچے تووہ ٹی 20ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔کوہلی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی23 ویں اننگز میں سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کے مجموعی1016 رنز کوپیچھے چھوڑ دیا۔ جے وردھنے نے 31 اننگز میں 1016رنزبنائے تھے جبکہ وراٹ کوہلی نے ابتک ٹی 20ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 23میچوں میں کل1065رنز بنائے ہیں،جن میں13نصف سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ورلڈ کپ ٹی20میں وراٹ کوہلی کاسب سے بڑا اسکور89رہاہے ۔بھارتی ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی2010 میں چھوٹے فارمیٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے ہندوستان کیلئے اپنا 113 واں ٹی20 انٹرنیشنل کھیل رہے ہیں۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے ٹویٹ کیا’’ایک اور سنگ میل طے ہو گیا‘‘۔بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گئے اسی ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستان کے سوریہ کمار دنیا کے نمبروَن،ٹی20 بلے باز بن گئے۔کرکٹ کے میدان میں دھوم مچانے والے سوریہ کمار یادیو بدھ کے روز ٹی20 انٹرنیشنل میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے، جو حالیہ دنوں میں اپنی ناقابل یقین فارم کی پشت پر سب سے اوپر پہنچ گئے۔دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے بازسوریا کماریادیو نے پاکستانی اوپنر محمد رضوان کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ ٹی20 بلے بازوں کی رینکنگ حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔گزشتہ سال مارچ میں ہندوستان کے لیے اپنا ٹی20 سفر شروع کرنے کے بعد سے،سوریاکمار یادیو نے اپنے ملک کیلئے37 میچوں میں ایک سنچری اور 11 نصف سنچریاں بنا کر تیزی سے اپنے آپ کو کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں بہترین بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر قائم کر لیا ہے۔سوریا کمار یادیو کے 863 پوائنٹس ہوگئے ہیں اورمحمد رضوان کے842 پوائنٹس ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے792 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ تھری میں شامل ہیں۔اس فارمیٹ میں وراٹ کوہلی اسوقت دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔