سرینگر//ضلع سرینگر سے متعلق محصولات کے معاملات کا تفصیلی جائیزہ لینے کیلئے کمشنر سیکرٹری ریونیو مسٹر وجے کمار بدھوری نےڈی سی آفس کمپلیکس میں ضلع کے سینئر ریونیو افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعزاز اسد نے ضلع کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج اور کامیابیوں کے بارے میں بتایا ۔ اس موقع پر کمشنر سیکرٹری ریونیو نے حکومت کے حالیہ اقدامات جیسے لینڈ ریکارڈ انفارمیشن سسٹم ( اپنی زمین اپنی نگرانی ) ، گاؤں آبادی کا سروے اور دیہی علاقوں میں امپروووائزڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ نقشہ سازی ( ایس وی اے ایم آئی ٹی وی اے ) کے علاوہ ڈیجٹل انڈیا لینڈ ریکارڈز ماڈر نائیزیشن کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے تجاوزات کے خلاف مہم ، سرکاری اراضی کی حد بندی ، میوٹیشن کی حثیت ، ریونیو ریکارڈ کی جانچ ، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کی حیثیت ، نزول اراضی /متولی اراضی /مہاجر جائیدادوں ، کیمپوں کے انعقاد، جمعبندیوں /گردواری کی ڈیجٹائیزیشن کی پیش رفت ، گمشدہ لینڈ ریکارڈ ، پٹوار خانوں کی حثیت، آر ڈی اے انکوائیریوں کی حثیت خالی جگہ اورڈی پی سی کے انعقاد پر پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔کمشنر سیکرٹری نے سرینگر انتظامیہ کی جانب سے مختلف عوامی مرکز کے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سینکڑوں کنال ریاستی اراضی کو واگذار کرانے کیلئے بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات مہم شروع کرنے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے ضلع میں مختلف اسکیموں کے تحت آئی ای سی کی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے نافذ کرنے اور تمام ریونیو ریکارڈ کے موثر رکھ رکھاؤ کے انتظام پر زور دیا ۔ کمشنر سیکرٹری نے سرینگر کے ریونیو افسران کو ہدف کو 15 دنوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ اہداف کے مطابق جمع بندیوں کی اپڈڈیشن اور ریونیو ریکارڈ کی سکیننگ کے عمل کو تیز کرے ۔ ریاستی /کچہری کی اراضی پر سے تجاوزات ہٹانے کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے تمام تحصیلداروں کو انسدادِ تجاوزات مہم کو تیز کرنے کی ہدایت دی تا کہ تمام شناخت شدہ تجاوزات ریاست /کچہری اراضی کو ایک مقررہ مدت میں قبضہ کرنے والوں سے واگذار کرایا جائے ۔ انہوںنے چتر ہامہ اور دیگر علاقوں میں شروع کئے گئے تجاوزات ہٹانے کے اپریشن کوفوری طور پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ تمام تجاوزات کی گئی اراضی کو قبضہ کرنے والوں سے واگذار کرایا جا سکے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ضلع کا ایک مختصر جائیزہ پیش کیا ۔ میٹنگ کے دوران ریونیو افسران کو ماہرین کی طرف سے لائیو مظاہرے کے ذریعے لینڈ پاس بُکس جاری کرنے کیلئے تیار کردہ درخواست سے واقف کروایا گیا ۔ قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سرینگر رئیس احمد بھٹ نے ضلع میں محکمہ ریونیو کے کام کاج اور مختلف ریونیو معاملات کی موجودہ صورتحال اور عوام کو ریونیو سے متعلق خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن پیش کی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سرینگر گلزار احمد بھٹ جو کہ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ بھی ہیں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید حنیف بلخی ، چیف پلاننگ افسر محمد یاسین لون ، ایس ڈی ایم ویسٹ اکشے لابرو ، ایس ڈی ایم ایسٹ اویس مشتاق ، تمام تحصیلدار اور محکمہ ریونیو کے دیگر افسران موجود تھے ۔










