سرینگر// وتہ ناڑ کوکرناگ میں بجلی کے ناقص ترسیلی نظام کے نتیجے میں علاقہ کی ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔ علاقہ کے لوگوںنے کہا کہ یہاں پر بجلی ہونا اور نہ ہونا برابر ہے کیوںکہ محکمہ پی ڈی ڈی نے مذکورہ علاقہ کو صرف نظر کردیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے محض 35کلو میٹر دور وتہناڈ کوکر ناگ ایک وسیع آبادی والا علاقہ ہے تاہم محکمہ بجلی نے اس علاقے کو نظر انداز کردیا ہے ۔ مقامی لوگوںنے اس سلسلے میں کہا کہ بجلی کی ترسیلی لائنیں بجلی پولوں کے بجائے درختوں کی ٹہنیوں سے جوڑ دی جاتی ہے جو معمولی ہووا یا برفباری یا بارش کے نتیجے میں اکثر و بیشتر نیچے گرآتی ہے جس کے نتیجے میں علاقہ بار بار بجلی سے محروم ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس کے علاوہ جو چند گھنٹوں کی بجلی فراہم ہوتی ہے اس کی وولٹیج اس قدر کم ہوتی ہے کہ اس کی روشنی میں انسان تو دور کی بات بجلی کا بلب بھی دکھائی نہیں دیتا ۔ جبکہ علاقہ کے لوگ بجلی فیس برابر اداکرتے ہیں ۔ مقامی لوگوںنے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ علاقہ کے بجلی کے ترسیلی نظام کو درس کرلیا جائے تاکہ لوگوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔










