SNOW

وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ،سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں

اگلے 24گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کا امکان / محکمہ موسمیات

سرینگر // وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے چلتے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے ۔ پہلگام ، گلمرگ ، بانہال اور کوکر ناگ کے علاوہ کپواڑہ کے کچھ میدانی علاقوں میں سال رواں کی پہلی برفباری درج ہوئی ہے ۔ ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں بارشوں کے بعد خشک موسم سے لوگوں کو نجات ملی ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر اور دیگر میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ پہلگام، کوکرناگ اور گلمرگ میں برفباری کے ساتھ وادی کشمیر کے دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 1.9 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 1.2 ملی میٹر، کپواڑہ میں 8 ملی میٹر بارشیں ہوئی جبکہ پہلگام میں 2.6 سینٹی میٹر، کوکرناگ میں 1.2 سینٹی میٹر، گلمرگ میں 25 سینٹی میٹر برفباری ہوئی ہے۔ اس طرح سے جموں میں 5.7 ملی میٹر، بانہال میں 14.6 ملی میٹر، کٹرا میں 6.2 ملی میٹر، بھدرواہ میں 6.4 ملی میٹر اور بھدرواہ میں 10.4 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔خیال رہے کہ جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں طویل خشک موسم سے لوگوں کو اس وقت راحت ملی جب اعلیٰ الصبح بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ وقت تک جاری رہا ۔ ادھر بارشوں او ر برفباری کے بعد وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ رات 0.8 ڈگری کے مقابلے میں 2.2 ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں کم از کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں کم از کم منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں تھا اور کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ پیشین گوئی کے بارے میں، انہوں جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے اور یکم فروری تک کئی اضلاع (کپوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ) میں چند بالائی علاقوں پر بھاری برفباری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سے 10 فروری تک عام طور پر خشک موسم متوقع ہے۔