covid-19_vacination_dooran

وادی کشمیر کے مختلف اَضلاع میں کووِڈ ۔19ٹیکہ کاری مہم کا آغاز

سری نگر//محکمہ صحت کشمیر نے زیادہ عمر کے ترجیحی گروپوں کی کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری کی تکمیل کے بعد آج پورے کشمیر میں 12برس سے 14برس تک عمر کے گروپوں کے لئے ٹیکہ کاری مہم شروع کی۔ٹیکہ کاری مہم کا آغاز 16؍ مارچ سے کیا گیا ہے جسے ملک بھر میں ویکسی نیشن ڈے کے طور پر منایا جارہا ہے۔
سری نگر میں ایڈیشنل کمشنرکشمیر عابد حسین نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول ) جی جی ایچ ایس ایس ) راجباغ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی موجودگی میں ٹیکہ کاری مہم کاآغاز کیا۔اِس موقعہ بتایا گیا کہ اِس مہم کے دوران 3,36,758 بچوں کی آبادی کو صوبہ کشمیر میں 105 منصوبہ بند سیشن سائٹس پر کور کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ صوبائی اِنتظامیہ نے ہیتھ اور دیگر محکموں کے فعال تعاون سے 14برس سے زائد عمر کی پوری آبادی کو کووِڈ۔19 سے بچائو کا ٹیکے لگانے کے لئے سنگ میل حاصل کیا اور اُنہوں نے مزید کہا کہ بچے بھی وَبائی اَمراض کا شکار ہوتے ہیں ۔انہیں ٹیکہ لگانے کی بھی ضرورت ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ڈاکٹر مسرت نے کہا کہ ان کے پاس 12سے 14 برس عمر کے بچوں کو کووِڈ۔19 کے انفکیشن سے بچانے کے لئے ایک نئی ویکسین ’’ کور بیویکس ‘‘ ہے۔اِس موقعہ پر اِنچارج ڈی سی سی آر کے طاہر ماگرے ، وبائی اَمراض کے ماہر ڈاکٹر طلعت ، پرنسپل جی جی ایچ ایس ایس راجباغ اور دیگر عملہ موجود تھا۔
بڈگام ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے آج یہاں بوائز مڈل سکول خانپورہ میں 12برس سے 14برس تک عمر کے بچوں کے لئے ایک میگا ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ اِس عمر کے 33,000 بچوں کو پورے ضلع میں چلائی جانے والی ٹیکہ کاری مہم کے تحت کور کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں حفاظتی ٹیکہ جات کے متعدد مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں اِس عمر کے بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مراکز پر یہ مہم آسانی سے چلے گی تاکہ تمام اہل بچوں کو جلد از جلد کور کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہ مہم بچوں کی حفاظت اور ان کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے حکومتی ہدایات کے تحت چلائی جارہی ہے۔اُنہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اَپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے مراکز پر لے جائیں اور اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اِس عمر کے تمام طلباء کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جائے۔اِس موقعہ پر صدر ایم سی بڈگام ، سی ای او سید محمد امین ، بی ایم او بڈگام ، ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ، ہیڈ ماسٹر بی ایم ایس خان پورہ ، اساتذہ ، طبی عملہ اور دیگر متعلقہ اَفراد بھی موجود تھے۔
اننت ناگ میں ضلع ترقیاقتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے آج گورنمنٹ بوائز مڈل سکول پہلگام میں 12سے 14برس عمر کے بچوں کو ٹیکے لگانے کا آغاز کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ وہ پُر امید ہیں کہ اِس عمر کے گروپ میں ٹیکہ کاری ریکارڈ وقت میں مکمل ہوجائے گی ۔ اُنہوں نے سکولوں میں سماجی دوری کو یقینی بنانے اور کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) پر عمل رکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
کولگام میں اِس مہم کا اِفتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کولگام سے کیا۔اِس موقعہ پر محکمہ صحت اور تعلیم کے سی ایم او ، پرنسپل اور عملہ بھی موجو دتھے۔سی ایم او نے کہا کہ اِس عمر گروپ سے کم عمر کے مستفید ین کا ہدف 20,700 ہے اور ضلع بھر میں مستفید ین کو آسانی سے کور کرنے کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پورے ٹارگٹ گروپ کی صدفیصد کوریج کو یقینی بنائیں۔
کپواڑہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے کے پی ایس میں 12 برس سے 14برس عمر کے بچوں کوکے لئے کووِڈ ۔19ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ اور دیگر متعلقہ اَفراد موجود تھے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ٹیکہ کاری میں مصروف طبی عملے پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہدف کی عمر سے کم عمر کے تمام بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کی موجودگی میں کئی طلبہ کو ٹیکے لگائے گئے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ مہم کے دوران 42,505 بچوں کوٹیکے لگائے جائیں گے ۔ محکمہ صحت کی دورہ کرنے والی ٹیمیں ہدف حاصل کرنے کے لئے ضلع بھر کے تمام مڈل سکولوں کا دورہ کریں گی۔اس دوران ضلع بھر میں قومی حفاظتی ٹیکوں کا دن منایا گیا۔ اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے سی ایم او اور متعلقہ افسران کی موجودگی میں کپواڑہ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں نوزائیدہ بچے کو پیدائشی خوراک کی ویکسین دی۔قومی حفاظتی ٹیکوں کے دن کے حوالے سے تمام میڈیکل بلاکوں اور ہسپتالوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی خوراکیں دیں۔
پلوامہ میں، چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) پلوامہ ڈاکٹر حسینہ نے 12برس سے 14برس تک کے عمرکے بچوں کے لئے ایک میگاٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر سی ایم او نے اہل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آگے آئیں اور اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے قریب ترین سیشن سائٹس پر ویکسین لگائیں کیوں کہ کووِڈ ۔19انفیکشن کے خلاف مدافعت کے لئے ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔اُنہوں نے بوائز ہائر سیکنڈری سکول ٹہاب میں مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس عمر کے 27,394 بچوں کو ضلع بھر میں چلائی جانے والی بھرپور ویکسی نیشن مہم کے تحت کور کیا جائے گا۔مہم کے دوران سینکڑوں طلباء کو ٹیکے لگائے گئے۔اس موقعہ پر بلاک میڈیکل آفیسر پلوامہ ڈاکٹر عرفانہ غنی، پرنسپل بی ایچ ایس ایس ٹہاب، اساتذہ، طبی عملہ اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔
بانڈی پورہ میں، محکمہ صحت اور خاندانی بہبود نے آج سی ایچ سی حاجن میں قومی ویکسین ڈے منایا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر پرویزہ نے 12برس 14برس کے عمر کے بچوں کے لئے کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ڈاکٹر پرویزہ نے سی ایچ سی حاجن میں بچوں کوکووِڈ۔19کے خلاف Corbevax کے ٹیکے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ بی ایم او حاجن ڈاکٹر اعجاز، ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر پرویز، ڈسٹرکٹ ماس میڈیا آفیسر ابو حامد اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سی ایم او نے بتایا کہ ضلع کے تمام بڑے مراکز صحت پر ویکسینیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ ہدف شدہ عمر کے گروپ کو ویکسین لگائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بھی ٹیکہ کاری مہم چلائی جائے گی۔ڈاکٹر پرویزہ نے کہا کہ ضلع 12 سے 14 سال کی عمر کے تقریباً 20,000 بچوں کو قطرے پلانے کا ارادہ رکھتا ہے اور کم سے کم وقت میں بچوں کو قطرے پلانے کا منصوبہ پہلے ہی تیارکیا گیا ہے۔انہوں نے 12 سے 14 سال کی عمر کے بچوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے وارڈز کو فوری طور پر ٹیکے لگوانے کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر پلس پولیو کوریج 2022 ء کے لئے آشا ورکروں کو بھی مبارکباد دی گئی۔