weather

وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

سری نگر//وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو مسلسل دوسرے روز ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں پھر ایک بار گراوٹ درج ہوئی ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بتایا یہ سلسلہ چار فروری تک جاری رہے گا ۔انہوں نے بتایا چار فروری کے بعد موسم میں بہتری کی امید ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میںبدھ کی شام سے شروع یونے والی میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کی شام تک جاری رہا ہے ۔اس دوران وادی کے مختلف بالائی علاقوں سے مل نے والی اطلاع کے مطابق 2سے4اینچ برف باری ریکارڑ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں اچھی خاصی بارش ہوئی ہے متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران6 سے 8 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بھی جمعرات کی صبح برف کی دبیز چادر بچھی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 4 فروری تک ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں اور خراب موسمی صورتحال کا زیادہ اثر جنوبی کشمیر میں رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں پانچ فروری کو موسم خشک رہنے کے بعد چھ اور سات فروری کوموسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے۔ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں ہلکے درجے کی برف باری کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے تاہم لوگوں کا کہنا ہے جہاں برف باری ہوئی ہے وہاں سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔ادھرجمعرات کو وادی کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہے جس کا دور اقتدار بیس فروری کو ختم ہوگا اگرچہ اس چلہ کے دوران بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم اس کے دوران ہونے والی برف زمین پر زیادہ دیر تک جمع نہیں رہ سکتی ہے اور درجہ حرارت میں بھی بتدریج بہتری ہی واقع ہوتی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.4ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی9.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔