وادی میں18سے21جنوری تک میدانی علاقوں میں برفباری کا امکان

ممکنہ برفباری کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ ، قومی شاہراہوں سمیت اندرونی سڑکوں کی صورتحال پر مسلسل نظر

سرینگر/یو این ایس// کشمیر اس وقت شدید سردی کی شدید لہر کی زد میں ہے، جہاں درجہ حرارت مسلسل نقط انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 18 سے 21 جنوری کے درمیان وادی کے میدانی علاقوں میں بھی برفباری ہو سکتی ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق متوقع برفباری کے دوران اور بعد میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 جنوری تک موسم جزوی سے عمومی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ 20 جنوری کو بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ 21 سے 23 جنوری کے دوران مختلف علاقوں میں بکھری ہوئی بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ 24 اور 25 جنوری کو موسم جزوی طور پر صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ممکنہ برفباری کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ ہے اور قومی شاہراہوں سمیت اندرونی سڑکوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ عوام اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی تیاری رکھیں۔یو این ایس کے مطابق منگل کو سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سونمرگ وادی کا سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی 7 ڈگری تک گر گیا۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیان، اننت ناگ اور پہلگام میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سے بھی نیچے رہا۔ شمالی کشمیر کے سوپور، کپواڑہ اور رفیع آباد میں بھی شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ سری نگر ایئرپورٹ پر منفی 5.8 ڈگری، گلمرگ میں منفی 3.5، کوکرناگ میں منفی 1.6 اور بارہمولہ میں منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطے میں اگرچہ سردی کی شدت نسبتاً کم رہی، تاہم جموں شہر میں صبح کے وقت گھنی دھند چھائی رہی جس سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی اور زمینی و فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کٹرہ میں 6.2، بٹوٹے میں 4.1، بانہال میں 8.9 اور بھدرواہ میں منفی 0.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔لداخ خطہ بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.6، کارگل میں منفی 10.2، نوبرا ویلی میں منفی 10.8 اور ہانلے میں منفی 9.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر جموں و کشمیر میں جاری چلہ کلان کے دوران موسم زیادہ تر خشک رہا ہے، جس نے تشویش پیدا کر دی ہے۔موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چلہ کلان کے دوران ہونے والی برفباری وادی کے آبی ذخائر، ندی نالوں، زراعت اور باغبانی کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے، مگر اس سال اب تک وادی کے میدانی علاقوں میں نمایاں برفباری نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر خشک موسم کا سلسلہ جاری رہا تو آنے والے مہینوں میں پانی کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ فروری اور مارچ میں ہونے والی برفباری دیرپا فائدہ نہیں دیتی اور جلد پگھل جاتی ہے۔