rain

وادی میں موسم نے بدلی کروٹ ،سرینگر سمیت دیگر حصوں میں بارشیں

بالائی علاقوں میں تازہ برفباری، محکمہ نے 20اپریل تک موسمی کلینڈر کیا جاری

سرینگر//وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی بھر میں بدھ کو بعد دوپہر مطلع ابرآلو د رہا جبکہ سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ ادھر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی بھی اطلاع ہے ۔ اس بیچ محکمہ موسمیات نے 20اپریل تک موسم کی دگرگوں صورتحال رہنے کا عندیہ دیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی ہے۔ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ قدرتی حسن میں مزید نکھار آیا ہے، اور کسانوں کے لیے یہ صورتحال خوش آئند سمجھی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور موسمی تبدیلیوں کی توقع ہے۔16 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں، جس کے باعث باغات میں اسپرے کرنے کی تجویز نہیں دی گئی۔ 17 اپریل کو زیادہ تر خشک موسم کی پیش گوئی ہے، جس دن کسان اسپرے کر سکتے ہیں۔ 18 سے 20 اپریل تک بارش کے کئی سلسلے متوقع ہیں، جن میں شدید بارش اور تیز ہوائیں بھی شامل ہیں، اس دوران باغات میں اسپرے سے گریز کیا جائے۔ 21 اپریل کو زیادہ تر خشک موسم رہنے کی امید ہے، لیکن چند علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 22 اپریل کو مکمل خشک موسم متوقع ہے، اور باغات میں اسپرے کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔یہ موسمی تبدیلی نہ صرف وادی کے قدرتی حسن کو نکھار رہی ہے بلکہ زراعت کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، کسانوں کو موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا ہوں گے۔