LPG gas

وادی میں ایندھن کی کوئی قلت نہیں، 15 دن کا وافر ذخیرہ موجود

ایل پی جی، پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی مستحکم، افواہوں سے گریز کریں// ڈویژنل کمشنر

سرینگر/ یو این ایس// صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے پیر کے روز واضح کیا کہ وادی کشمیر میں ایندھن یا ایل پی جی کی کوئی قلت نہیں ہے اور اس وقت 10 سے 15 دن تک کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے۔سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر نے کہا کہ گھریلو ایل پی جی کی سپلائی پوری وادی میں بلا رکاوٹ جاری ہے اور صورتحال پر مختلف سطحوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا’’اسٹاک کی پوزیشن متحرک ہوتی ہے، تاہم فی الحال ہمارے پاس مناسب مقدار میں ذخیرہ موجود ہے اور ڈویژنل و ضلعی سطح پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی خلل نہ آئے۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بھی مستحکم ہے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سرگرمیوں پر ضلعی سطح کی کمیٹیاں کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ یا زائد قیمت وصولی جیسے مسائل کو روکا جا سکے۔ان کے مطابق، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر قائم کنٹرول رومز سپلائی اور تقسیم کے نظام کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ خوراک و رسد روزانہ کی بنیاد پر مرکزی نوعیت کی رپورٹیں تیار کر کے جائزہ لے رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ایل پی جی کی ترسیل میں تاخیر سے متعلق شکایات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات کو انفرادی بنیادوں پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور محکمے حل کر رہے ہیں اور فیلڈ میں تعینات ٹیمیں بروقت ڈیلیوری یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔صوبائی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا’’کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر یقین کرنے کی ضرورت نہیں، حکومت عوام کو باخبر رکھنے اور بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کے لیے پْرعزم ہے۔‘‘یو این ایس کے مطابق ایران میں پھنسے جموں و کشمیر کے طلبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور یو ٹی انتظامیہ ان کی محفوظ واپسی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے خصوصی ہیلپ لائنز قائم کی گئی ہیں اور کنٹرول رومز کے ذریعے والدین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ہم حکومت ہند سے موصول ہونے والی ہر تازہ اطلاع خاندانوں تک پہنچا رہے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ نے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور متاثرہ خاندانوں کے درمیان بہتر تال میل قائم ہو چکا ہے اور والدین بھی تعاون کر رہے ہیں۔ ‘‘ہماری کوشش ہے کہ تمام طلبہ جلد از جلد اور بحفاظت واپس لوٹ آئیں، اور ہمیں امید ہے کہ صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔‘‘انہوں نے دہرایا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔