Weather conditions across the tunnel remain poor, fresh snow in the highlands, rain in the plains.

وادی میںعید سے قبل 18 سے 20 مارچ تک برف و باراں کی پیشگوئی

گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام میں تازہ برفباری متوقع، 19 مارچ کو شدت کا امکان

سرینگر/یو این ایس// جموں و کشمیر میں ایک نئے ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیرِ اثر 18 سے 20 مارچ کے دوران بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق اس سسٹم کے باعث یونین ٹیریٹری کے بیشتر علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ 19 مارچ کو اس سلسلے کی شدت اپنے عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، سونمرگ، دودھ پتھری اور پہلگام میں 19 مارچ کو تازہ برفباری متوقع ہے۔حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات اور شدت کے بارے میں اپڈیٹس وقتاً فوقتاً جاری کی جائیں گی۔انتظامیہ اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کے پیش نظر محتاط رہیں، خاص طور پر بالائی علاقوں میں جہاں برفباری معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس دوران سرینگر//جموں و کشمیر میں موسم میں بہتری دیکھنے کو ملی، جب میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی تا درمیانی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید دو ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیر اثر موسم دوبارہ خراب ہونے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، دودھ پتھری اور سونمرگ میں تقریباً 3 سے 4 انچ تازہ برفباری ہوئی، جبکہ بالائی علاقوں جیسے پیر کی گلی، زوجیلا، رزدان ٹاپ، گریز، سنتھن ٹاپ اور مرگن ٹاپ میں 5 سے 10 انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔ کپواڑہ کے سادھناٹاپ میں 12 انچ سے زائد برفباری درج کی گئی۔شدید برفباری کے باعث گریز،بانڈی پورہ روڈ، سنتھن-کشتواڑ روڈ، مرگن ٹاپ،وروان روڈ اور مغل روڈ سمیت کئی اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔ اگرچہ بعد ازاں مغل روڈ کو برف ہٹانے کے بعد ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ضلع اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر دفتر کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سنتھن ٹاپ اور مرگن ٹاپ کی جانب ہر قسم کی آمد و رفت اگلے احکامات تک معطل رہے گی۔ ایڈوائزری میں برفباری، پھسلن، برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر عوام کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پولیس، ٹریفک حکام اور متعلقہ ایجنسیاں جیسے این ایچ آئی ڈی سی ایل کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔ادھر سری نگر،لیہہ شاہراہ پر زوجیلا پاس کے مقام پر تقریباً 6 انچ برف جمع ہونے کے باعث ٹریفک معطل رہی، جبکہ دیگر پہاڑی راستوں پر برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔یو این ایس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 15.9 ملی میٹر، پہلگام میں 15.7 ملی میٹر، کپواڑہ میں 14 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 9.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جموں خطے میں بھی ہلکی تا درمیانی بارش ہوئی جبکہ کشتواڑ اور رام بن کے بالائی علاقوں میں برفباری دیکھی گئی۔بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی، تاہم پیر کو دن کے درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 20 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ 18 سے 20 مارچ کے دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔ 24 اور 25 مارچ کو ایک اور ویٹ اسپیل متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 20 مارچ تک زرعی سرگرمیاں معطل رکھیں۔