عوام کو آبی ذخائر میں کچرا ڈالنے سے سختی سے پرہیز کرنے کی ہدایت
سرینگر / ایس این این // وادی لولاب کے مختلف علاقوں میں آبی ذخائر کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ نے صفائی، تحفظ اور بحالی کیلئے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کانت بالاصاحب سوسے کی ہدایات کی تعمیل میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر واووْرا نے لولاب علاقے میں آبی ذخائر کی صفائی، تحفظ اور بحالی کے لیے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔بی ڈی او لولاب عبدالرشید شیخ نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو قدرتی آبی وسائل کے تحفظ اور ان کی بحالی کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ انہی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر سے کچرے، گاد اور غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد آبی آلودگی کی روک تھام، پینے کے پانی کے ذرائع کا تحفظ اور مقامی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ہے۔ بی ڈی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور آبی ذخائر میں کچرا ڈالنے سے سختی سے پرہیز کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوامی بیداری کو مزید فروغ دینے کے لیے متعلقہ افسران کو جمعہ کے خطبات کے دوران مقامی مساجد میں اعلانات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ لوگوں کو آبی ذخائر کے تحفظ اور صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔اس اقدام کو مقامی لوگوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ ماحولیاتی تحفظ اور عوامی صحت کی بہتری کے لیے ایک بروقت اور نہایت ضروری قدم ہے۔










