وادی بھر میں آئی پی پی آئی مہم کا اِنعقاد

وادی بھر میں آئی پی پی آئی مہم کا اِنعقاد

تقریباً 11لاکھ بچوں کو پلس پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے

سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری سری نگر میں نوزائیدہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 5-0برس کی عمر کے بچوں کے لئے انٹیسفائیڈ پلس پولیو امیونائزیشن ( آئی پی پی آئی ) پروگرام کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر، ایم ایس جے ایل این ایم ہسپتال اور ہسپتال کا طبی اور پیرا میڈیکل سٹاف موجود تھے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ صوبہ کشمیر میں 5,391 پولیو بوتھوں پر تقریباً 11لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ اِس بیماری کو ختم کیا جاسکے اور بچوں کی حفاظت کی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبہ کشمیر میں بچوں کی تمام اہل آبادی کا احاطہ کرنے کے لئے 22,059 ویکسی نیٹروں کو ڈیوٹی پر لگایا گیا ہے۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 298 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 143 موبائیل ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں۔اِس دوران صوبائی کمشنر کشمیر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اَپنے بچوں کو پلس پولیو کے قطرے پلانے کے لئے قریبی بوتھوں ، ہیلتھ سینٹروں یا ہسپتال لے جائیں اور اَپنے بچوں کو اِس بیمار سے بچائیں۔
بڈگام میںضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے چیف میڈیکل آفیسر آفس بڈگام میں 5 برس تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پلس پولیو پروگرام کے پہلے مرحلے کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر بدگام ڈاکٹر تجمل حسین خان، چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تہمینہ بخاری ، ڈی ٹی او ، ڈی آئی او ، ڈی پی ایم یو اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے پانچ برس تک عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ انہیں عمر بھر پولیو سے بچایا جاسکے۔اُنہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اَپنے بچوں کو قریبی ہیلتھ بوتھوں پر لے جائیں تاکہ ان کے بچے محفوظ اور اور صحت مند رہیں۔چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تہمینہ بخاری نے مہم شروع کرنے کے بعد کہا کہ ضلع بڈگام میں 0-5 برس کی عمر کے 1,21,261 بچوں کو پلس پولیو امیونائزیشن پروگرام کے تحت کور کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیس کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کے لئے بڈگا م میں محکمہ صحت نے 2,500 سے زیادہ اَفسران اور کارکنوں کو تعینات کیا ہے جن میں ہیلتھ ورکروں ، آشاورکروں ، آئی سی ڈی ایس ورکروں اور رضاکاروں کو زائد اَز 600 بوتھوں پر تعینات کیا گیا ہے جن میں 8ٹرانزٹ بوتھ بھی شامل ہیں۔
کپواڑہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر امام الدین نے کپواڑہ میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ میں چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ ، بلاک میڈکل آفیسر اور ڈی آئی او کی موجودگی میں ایک شیر خوار بچے کو اِنسداد پولیوکے قطرے پلاکر آئی پی پی آئی میونائزیشن مہم کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کوجانکاری دی گئی کہ ضلع میں پلس پولیو پروگرام کے تھت پانچ برس سے کم عمر کے 1,40,017 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔یہ بھی جانکاری دی گئی کہ ضلع بھر میں 738امیونائزیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن کے لئے 2,952 ورکروں بشمول 970آشاورکروں اور 640 آنگن واڑی ورکرتعینات کئے گئے ہیں تاکہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرم کو اَحسن طریقے سے اَنجام دیا جاسکے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ خصوصی ٹیمیں دُور دراز اور سرحدی علاقوں جیسے کیرن ، مژھل اور کرناہ میں تعینات کی گئی ہیں تاکہ بچوں کو مکمل حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ پلس پولیو پروگرام کے تحت پانچ برس سے کم عمر کے بچوں کی ہدف آبادی کی فیصد کوریج کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے اُنہیں گھر گھر سروے کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ صد فیصد کوریج کو یقینی بنایا جاسکے۔
پلوامہ میں پلس پولیو مہم کا آغازضلع ترقیاتی کمشنر بصیر الحق چودھری نے سی ایم او آف پلوامہ میں کیا جہاں اُنہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر ، ڈی سی ایم او، ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ، نوڈل آفیسر آر بی ایس کے ، ڈاکٹرصاحبان اورپیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے مہم کا آغاز کرنے کے بعد کہا کہ ضلع پلوامہ میں 0-5 برس کے 89,228 بچوں کو پلس پولیو قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 468 پلس پولیو مراکز پر محکمہ صحت کے 1,966 پرنسپل اور سپر وائزروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جموںوکشمیریوٹی میں بچوں کی صحت کی بہتر سہولیات کے لئے مختلف اقدامات شروع کئے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کی طرف سے دستیاب طبی سہولیات سے استفادہ کریںاور اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے خطرناک بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنائیں۔
گاندربل میںایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل خورشید احمد شاہ نے یہاں ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں ا پلس پولیو کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز کیا۔اُنہوں نے سی ایم او ڈاکٹر افروزہ شاہ، ڈی سی ایم او ڈاکٹر نگہت یاسمین اور ایم ایس ڈی ایچ ڈاکٹر یاسمین کانگو کی موجودگی میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ ضلع میں انٹینسفائیڈ پلس پولیو امیونائزیشن پرگرام کے دوران پانچ برس تک کی عمر کے 48,781 بچوں کو اِس مرض سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔چیف میڈیکل آفیسر نے کہا کہ تمام میڈیکل بلاکوں میں 237 ویکسی نیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں مختلف محکموں کے ملازمین بشمول آنگن واڑی ورکروں ، آشاورکروں اور نگران عملہ کی کافی تعیناتی ہے ۔ اِس کے علاوہ ضلع میں احسن اور پریشانی کے بغیر ویکسی نیشن کے لئے 4 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔اے ڈی ڈی سی نے محکمہ صحت کے اَفسران کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور بالخصوص دور دراز اور زیادہ خطرہ والے علاقوں میں گھر گھر سروے کرنے کو بھی کہا تاکہ ضلع میں مہم کے تحت مذکورہ عمر کے بچوں کو پولیو حفاظتی قطرے پلائے جائیں۔اِس دوران اے ڈی ڈی سی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے کام کاج کا بھی معائینہ کیا اور اُنہوں نے وہاں مریضوں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
شوپیان میںڈی ڈی سی میں چیئرپرسن بلقیس جان نے ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار وایشیا، ایس ایس پی شوپیاں کے ساتھ مل کر ڈسٹرکٹ ہسپتال شوپیاں میں پلس پولیو امیونائزیشن پروگرام کا اِفتتاح کیااور وہاں ڈی ڈی سی چیئرپرسن اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈپٹی سی ایم او ، سپرانٹنڈنٹ ،سی ایم او ، ڈی آئی او اور دیگر صحت ملازمین کی موجودگی میںنوائیدہ بچوںکو اِنسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت کے اَفسران کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے تحت بچوں کی صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور گھر گھر جاکر سروے کرنے کو بھی کہا تاکہ ایک بھی بچہ پولیو قطرے دئیے بغیر نہ رہ جائے۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ ضلع میں0سے 5 برس کی عمر کے تقریباً39,785 بچوں کو آئی پی پی آئی پروگرام کے تحت کور کیا جارہا ہے جس کے لئے 235 ویکسی نیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔ اِس کے علاوہ 952 کل ورکروں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے جن میں آشاورکروں ، اے ڈبلیو ورکروں ، ہیلتھ ورکروں کے علاوہ 52سپر وائزر شامل ہیں۔
بانڈی پورہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر انٹیسفائیڈ پلس پولیو امیونائزیشن (آئی پی پی آئی) پروگرام کا اِفتتاح کیا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پرویز، ڈی آئی او ڈاکٹر پرویز، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ اور ڈی ایچ کے عملہ کے ارکان موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی گئی کہ 5 برس تک کی عمر کے 62,000 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں 360 حفاظتی ٹیکوں کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں برف سے بند وادی گریز کے علاوہ 22 موبائل ٹرانزٹ ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
کولگام میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام میں نوزائیدہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر آئی پی پی آئی مہم کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پراے ڈی سی شوکت احمد راتھر، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگامڈاکٹر مظفر احمد زرگر، محکمہ صحت کے سی ایم او ڈاکٹر رفیق اور دیگر عملہ موجود تھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پلس پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ پانچ میڈیکل بلاکوں میں 508 بوتھ قائم کئے گئے ہیں اور تمام اہل بچوں کی احسن اور پریشانی کے بغیر کوریج کے لئے ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت کے اَفسران کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور گھر گھر سروے کرنے کو بھی کہا تاکہ پلس پولیو پروگرام کے تحت کو ئی بچہ نہ رہ جائے۔
اننت ناگ میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ غلام حسن شیخ نے ایم سی سی ایچ اننت ناگ میں پلس پولیو امیونائزیشن پروگرام کا باقاعدہ اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 650 بوتھوں پر 1,48,198 پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے محکمہ صحت 2,600 ہیلتھ ورکروں کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہے تاکہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کوکامیاب بنایا جاسکے۔اے ڈی سی نے کورونا وَبا کے دورن صحت محکمہ کے کام کاج کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو پروگرا م اِس کا ایک ایجنڈ ا ہے اور اِس سلسلے میں بڑے پیمانے پر بیداری اور عوام کی شرکت سے بہت کچھ حاصل کیا گیا ہے۔میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے اے ڈی سی نے کہا ہ والدین اَپنے 0سے 5 برس عمر کے بچوں کو قریبی پولیو بوتھ پر ضرور لائیں اور پولیس ویکسی کے دو قطرے ضرور پلائیں تاکہ ملک کو پولیو سے پاک بنانے میں ہماری مدد ہوسکے۔اس موقعہ پرڈپٹی سی ایم او، ایم سی سی ایچ کے ڈاکٹرصاحبان اور محکمہ کے دیگر عملہ موجود تھا۔
بارہمولہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ اعجاز عبداللہ صراف کک نے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں نوزائیدہ بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر پلس پولیو پروگرام کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ بشیر احمد ملک، ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جوزی بشیر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی بارہمولہ، ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اے ڈی ڈی سی بارہمو لہ نے مہم کا افتتاح کرنے کے بعد 5 برس تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ انہیں عمر بھر پولیو سے بچایا جا سکے۔اِس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ نے جانکاری دی کہ ضلع بارہمولہ میں 0-5 برس عمر کے 1,62,175 بچوں کو پلس پولیو امیونائزیشن پروگرام کے تحت کور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ صحت بارہمولہ نے ضلع کے میڈیکل بلاکوں میں 11 ٹرانزٹ بوتھ سمیت 856 ویکسی نیشن بوتھوں پر 1,175 ہیلتھ ورکروں، 1,186 آشا ورکروں اور 169 سپروائزروں کو تعینات کیا ہے۔ اے ڈی ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔