تمام اَضلاع ڈی ڈی سی چیئرپرسنوں نے قومی پرچم لہرایا ،شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ترقیاتی سرگرمیوں کو اُجاگر کیا
سری نگر//وادیٔ کشمیر بھی میں 79 واں یوم آزادی آج پورے جوش و خروش ،حب الوطنی اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں اس تاریخی موقعہ کو یاد کیا گیا اور خطے کے عظیم ثقافتی ورثے اور لوگوں کے جذبے کی عکاسی کی گئی۔اس دن کی مناسبت سے تمام اضلاع میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں پرچم کشائی کی تقریبات، مہمانِ خصوصی کے خطابات اور آزادی کے لئے قربانیاں دینے والے مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعہ پرلوگوں کو 79ویں یوم آزادی کی مُبارک باد بھی دی گئی۔اس سال کی تقریبات کو ’آزادی کا امرت مہااُتسو‘کے تحت ’ہر گھر ترنگا‘مہم کے ساتھ منایا گیا جس کا مقصد ہر گھر میں حب الوطنی کے جذبے اور آزادی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔تقریب کے دوران ضلع کشتواڑ میں گزشتہ روز ہوئے بادل پھٹنے کے سانحے میں جاں بحق ہوئے اَفراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔سانحہ کشتواڑ کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر تمام ثقافتی پروگرام اور اعزازی تقاریب منسوخ کر دی گئیں۔
اننت ناگ میں وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج یہاں شہید ہمایوں مزمل گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز میں قومی پرچم لہرایا ۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے مارچ پاسٹ پریڈ کا معائینہ کیا او رسلامی لی۔مارچ پاسٹ پریڈ میں جموں وکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، این سی سی کیڈٹس ، سکولی بچوں نے حصہ لیا۔وزیر موصوفہ نے اَپنے مجاہدین آزادی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بڑی مشکلوں سے یہ آزادی حاصل کی جس کی ہمیں قدر کرنی چائیے اور ان کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
گاندربل میں 79 واں یوم آزادی آج قمریہ سٹیڈیم گاندربل میں بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) نزہت اشفاق نے قومی پرچم لہرایاجنہوں نے جموں و کشمیر پولیس،خواتین پولیس، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، پی ٹی ایس منیگام، ہوم گارڈز، ایس پی او گاندربل اور مختلف سکولوں کے طلباء کی جانب سے پیش کردہ شاندارمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔چیئر پرسن ڈِی ڈِی سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گاندربل ترقی کے ایک نئے دور کا مشاہدہ کر رہا ہے ہے جس میں ضلعی اِنتظامیہ عوامی تحفظ، خدمات کی دہلیز تک فراہمی، خواتین کو بااِختیار بنانے ، بہتر صحت سہولیات اور سماجی و معاشی خوشحالی اَپنی ترجیحات میں شامل کرچکی ہے ۔ انہوں نے ضلع بھر میں ہمہ جہت ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین ڈی ڈی سی بلال احمد شیخ، ضلع ترقیاتی کمشنر جتن کشور، ایس ایس پی خلیل احمد پوسوال، اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی، ڈی ڈی سی ممبران، اَفسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ضلع بھر میں سب ڈویژن، بلاک، تحصیل اور پنچایت سطح پر بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
پلوامہ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) پلوامہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل(ڈِی ڈِی سی ) سیّد عبدالباری اَندرابی نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ میں سلامی لی ۔تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر ، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ہ ڈاکٹر بشارت قیوم، ایس ایس پی پلوامہ پی ڈی نتیا، ڈی ڈی سی ممبران اور پولیس، آرمی، ایئر فورس، نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران جبکہ بزرگ شہریوں، شہدأکے اہل خانہ، سماجی کارکنان، طلبأ ، نوجوانوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور عام لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔مارچ پاسٹ میں جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف 182 اور183 بی این، آئی آر پی 10 ویں بی این، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی کیڈٹوں اور مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات شامل تھے۔چیئرمین نے اپنے خطاب میں ضلع کی ترقیاتی پیش رفت کو اُجاگر کیا اور انتظامیہ کی مساوی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو سرکاری سکیموں سے فائدہ حاصل ہو۔ اُنہوں نے پلوامہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور ترقی کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ خوشحال اور خود انحصاری مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔سیّد عبدالباری اَندرابی نے پلوامہ کی حالیہ کامیابیوں کو سراہا جن میں گورننس اور ترقی میں قومی سطح پر ملنے والی پذیرائی شامل ہے۔ اُنہوں نے نیتی آیوگ کی چوتھی سہ ماہی ڈیلٹا رینکنگ میں بلاک اچیگوزہ کی شاندار کارکردگی کا حوالہ دیا، جس نے ملک بھر کے 500 اُبھرتے ہوئے بلاکوں میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پلوامہ کو ’اتم نربھر بھارت ‘ کے وزیرِاعظم کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نیشنل او ڈی او پی ایوارڈ 2024 بھی حاصل ہوا اور ’پراکھ رپورٹ‘ میں یونین ٹیریٹری سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ایک متوازی تقریب ڈی پی ایل اونتی پورہ میں بھی منعقد ہوئی۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں متعدد مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں،جن میں سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر، تحصیل وبلاک حلقے، پنچایت گھر، کسان خدمت گھر ، ضلعی اِنتظامیہ کے دفاتر، سکول، پولیس سٹیشن اور دیگر پولیس اور سی آر پی ایف مراکز شامل ہیں۔
کولگام میںمرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں منعقد ہوئی جہاں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کولگام کے محمد افضل پرے نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے پی لیڈیز پولیس گروپ ، ڈسٹرکٹ پولیس بینڈ اور ہوم گارڈ ، این سی سی کے دستوں کے علاوہ سکولی بچوں اور دیگر دستوں کی طرف سے پیش کردہ مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شازیہ جان،ضلع ترقیاتی کمشنر اطہر عامر خان، ایس ایس پی ساحل سرنگل، کمانڈنٹ سی آر پی ایف، ڈی ڈی سی ممبران، اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی اور سول و پولیس انتظامیہ کے افسران و اہلکار موجو دتھے جب کہ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے اپنے خطاب میں ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور مختلف شعبوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی سکیموں کی عمل آوری کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے سرکاری سکیموں اور پروگراموں کے مؤثر نفاذ پر ان کی کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر اطہر عامر خان نے منی سیکرٹریٹ کولگام میں قومی پرچم لہرایا۔اِس کے علاوہ ضلع بھر میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات منائی گئیں جن میں سب ڈویژن، بلاک، تحصیل دفاتر، صحت کے ادارے، پولیس سٹیشنز، میونسپلٹیز، پنچایت گھروں، سکولوں، کالجوں اور دیگر اداروں و محکموں میں پرچم کشائی کی تقریبات شامل تھیں۔
کپواڑہ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کپواڑہ عرفان سلطان پنڈتپوری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ میں سلامی لی ۔مارچ پاس میں سی آر پی ایف، جے کے پی کی خواتین بٹالین، آئی آر پی، جے کے پی، ہوم گارڈز، ایف پی ایف، پولیس کے سپیشل کمانڈوز ،این سی سی کیڈٹس اور سکولی بچے شامل تھے۔تقریب میں وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر، ضلع ترقیاتی کمشنر شری کانت بالا صاحب سوسے، ایس ایس پی غلام جیلانی، اے ڈی ڈی سی مفتی فرید الدین، اے ڈی سی گلزار احمد، اے سی آر، سی پی او، ڈی ڈی سی ممبران، ضلعی افسران اور مختلف محکموں کے اہلکاروں سمیت ضلع بھر سے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔چیئر مین ڈی ڈی سی نے اپنے خطاب میں ضلع میں حالیہ دنوں میں ہوئی ترقیاتی سرگرمیوں اور کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ کو حال ہی میں ملک کے بہترین کارکردگی والے اضلاع میں شامل ہونے پر وزیر اعظم ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔اُنہوں نے حکومت کی جانب سے سادھنا ٹنل کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سرحدی سب ڈویژن کرناہ کو ہر موسم میں رابطہ میسر ہوگاجو ایک اہم پیش رفت ہے۔تقریب سے قبل چیئرمین، وائس چیئرمین،ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی کپواڑہ نے شہدأ کی یادگار پر گل باری کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔اسی روزضلع ترقیاتی کمشنر شری کانت بالا صاحب سوسے نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا۔
بانڈی پورہ میںیوم آزادی کی مناسبت سے ایس کے سٹیڈیم میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل عبدالغنی بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔سپورٹس سٹیڈیم بانڈی پورہ میں مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے اینڈ کے پولیس، جے کے آئی آر پی، جے کے اے پی خواتین ونگ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ایس پی اوز، ہوم گارڈ، این سی سی، طلبأاور جے اینڈ کے پولیس بینڈ گروپ کے دستوں نے شرکت کی۔تقریب میں رکن اسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج خلیل احمد چودھری، ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن کوثر شفیق، ضلع ترقیاتی کمشنر اندو کنول چب، ایس ایس پی ہرمیَت سنگھ، ڈی ڈی سی ممبران، سول و پولیس انتظامیہ، فوج اور نیم فوجی افواج کے افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجو د تھیں۔چیئرمین ڈی ڈِی سی نے اپنے خطاب میں ضلع کی ترقیاتی پیش رفت کو سراہا اور گریز و تلیل جیسے دور دراز علاقوں میں سیاحت کے فروغ اور گورننس کی بہتری کے لئے انتظامیہ کی کوششوں کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور دیہی بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری کا بھی ذکر کیا۔اِس سے قبل صبح ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چِب نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں ایک تقریب میں قومی پرچم لہرایا جس میں تمام ضلعی افسران اور ملازمین نے شرکت کی جنہوں نے بڑے جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ حصہ لیا۔یوم آزادی کی تقریبات سب ڈویژن گریز اور سنبل میں، بلاک اور پنچایت کی سطح پر اور ضلع بھر کے سکولوں اور کالجوں میں بھی منعقد کی گئیں۔
شوپیان میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) شوپیاں میں آج 79 واں یوم آزادی انتہائی حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔چیئرپرسن شوپیاں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) بلقیس جان نے مرکزی تقریب میں قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف، جے کے اے پی ، ہوم گارڈز، ایف پی ایف، ، این سی سی اور سکولوں کے طلباء سمیت مختلف دستوں کی جانب سے پیش کئے گئے شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان ششیر گپتا، ایس ایس پی عنایت علی چودھری، وائس چیئرمین عرفان منہاس، اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر ناصر احمد، ڈی ڈی سی ممبران، ضلعی افسران کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھے۔چیئرپرسن بلقیس جان اپنے خطاب میں شفاف طرزِ حکمرانی، منصوبوں کی بروقت تکمیل، اور عوامی مفاد پر مبنی خدمات کی فراہمی کے عزم کا عادہ کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ شوپیان ضلع ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے روز بہ روز تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر ششیر گپتا نے منی سیکرٹریٹ شوپیاں میں قومی پرچم لہرایا جس میں ضلعی افسران اور مختلف محکموں کے اہلکاروں اور سی آر پی ایف اور پولیس نے شرکت کی۔اِسی طرح کی تقریبات سب ڈویژن، تحصیل اور بلاک کی سطح کے علاوہ ضلعی سیکٹورل دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بھی منعقد کی گئیں۔
بڈگام میں ضلع بڈگام میں یوم آزادی 2025 پورے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی تقریب سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نذیر احمد خان نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے اینڈ کے پولیس، آئی آر پی، جے کے اے پی، جے کے ایچ جی، این سی سی، اور ضلع کے مختلف اسکولوں کے دستوں نے حصہ لیا۔تقریب میں ایس ایس پی بڈگام نکھل بورکر نے، اے ڈی سی بڈگام، اے ایس پی بڈگام، آرمی اور نیم فوجی دستوں کے سینئر افسران، تمام ضلعی اور سیکٹورل افسران، پی آر آئی ممبران، اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجو دتھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب میں تمام شعبوں میں حاصل کی گئی قابل ذکر پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع تاریخی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بڈگام دیرپا اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ ہر سرکاری سکیم کے فوائد ہر فرد تک پہنچیں۔










