جموں //نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی ترلوچن سنگھ وزیر کو جمعرات کی صبح دلی میں پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹی ایس وزیر حال ہی میں دلی گئے ہوئے تھے جہاں ان کو جمعرات کی صبح پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔متوفی سابق قانون ساز جموں و کشمیر ٹرانسپورٹرس ویلفیئر فورم اور جموں و کشمیر گردوارہ پربندھک بورڈ کے صدر بھی تھے۔نینشل کانفرنس کے ایک لیڈر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایس وزیر کی دلی میں موت واقع ہوئی ہے اور ان کی لاش کو گھر لانے کے لیے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر نے حال ہی میں جموں میں منعقدہ پارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں شرکت بھی کی تھی۔دلی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ٹی ایس وزیر کی لاش بسائی دارا پور میں ایک فلیٹ سے ملی ہے۔پولیس ذرائع نے کہا: ‘ہمیں اطلاع ملی کہ بسائی دارا پور میں ایک فلیٹ میں ایک لاش ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔انہوں نے مزید کہا: ‘بعد ازاں مہلوک کی شناخت 67 سالہ ترلوچن سنگھ وزیر ساکن جموں کے طور پر ہوئی۔ موت کی اصل وجہ جاننے کے لئے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجی گئی۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔دریں اثنا نینشل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹی ایس وزیر کی موت پر اظہار غم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘اپنے ساتھی سابق ایم ایل سی سردار ٹی ایس وزیر کی اچانک موت واقع ہونے کی خبر سے مجھے صدمہ ہوا چند روز قبل ہی ہم جموں میں اکٹھے بیٹھے اس بات کا گماں بھی نہیں تھا کہ یہ میری ان کے ساتھ آخری ملاقات ہو گی۔ ان کے روح کے سکون کے لئے دعا گو ہوں۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دویندر سنگھ رانا نے اپنے ایک ٹویٹ میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا: ‘اپنے ساتھی اور سابق رکن قانون ساز ٹرلوچن سنگھ وزیر صاحب کے موت کی خبر سن کر صدمہ ہوا۔ پسمانگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ مرحوم کے روح کے سکون کے لئے دعا کرتا ہوں۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے حوالے سے کہا کہ دونوں لیڈران نے ٹی ایس وزیر کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگواران خصوصاً اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اُن کی آتما کی شانتی کے لئے بھی دعا کی۔دونوں لیڈران نے یہ خبر سنتے ہی ٹی این وزیر کے اہل خانہ کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تعزیت کی ۔انہوں نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صاحب کے جانے سے پارٹی میں ایک خلا پیدا ہوا ہے جس کی تلافی انتہائی مشکل ہے۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، دیوندر سنگھ رانا اور دیگر پارٹی لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ادھر پارٹی ہیڈکوارٹرز سری نگر میں ایک تعزیتی اجلاس اقلیتی سیل کے کنوینیر سردار جگدیش سنگھ آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سردار ترلوچن سنگھ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کی سیاسی اور سماجی خدمات کو یاد کیا گیا۔










