سرینگر//وی او آئی//نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان اور ایم ایل اے زڈیبل، تنویر صادق نے کہا ہے کہ پارٹی جموں و کشمیر سے ہونے والے آئندہ راجیہ سبھا انتخابات میں مضبوط پوزیشن میں ہے اور تین میں سے تین نشستیں بآسانی جیتنے کا یقین رکھتی ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ آیا نیشنل کانفرنس تین یا تمام چار نشستوں پر امیدوار میدان میں اتارے گی، اس کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت آئندہ دنوں میں مشاورت کے بعد کرے گی۔ انہوں نے کہا، “نیشنل کانفرنس راجیہ سبھا انتخابات میں تین نشستیں جیتنے کی آرام دہ پوزیشن میں ہے۔ چوتھی نشست پر امیدوار اتارنے کا فیصلہ قیادت کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔صادق نے مزید کہا کہ پارٹی کی داخلی جائزہ رپورٹوں کے مطابق موجودہ سیاسی منظرنامے میں نیشنل کانفرنس کو عددی برتری حاصل ہے۔ “ہم نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اور مضبوط کارکردگی کے لیے پُر اعتماد ہیں۔ اعداد و شمار ہمارے حق میں ہیں۔کانگریس کے ساتھ انڈیا بلاک کے تحت تال میل کے سوال پر تنویر صادق نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے مطالبات فطری ہیں، تاہم قیادت فیصلے صرف سیاسی حقائق اور عددی طاقت کی بنیاد پر کرے گی۔ “مطالبات کوئی بھی کر سکتا ہے، لیکن ہماری قیادت بیٹھ کر فیصلہ کرے گی۔ ماضی میں ہم نے اتحادیوں کے لیے قربانیاں دیں، مگر اس بار فیصلے احتیاط سے اور عددی بنیاد پر ہوں گے،” انہوں نے واضح کیا۔تنویر صادق نے کہا کہ چوتھی راجیہ سبھا نشست سیاسی طور پر اہم ہوگی، کیونکہ اس پر ووٹنگ سے مختلف جماعتوں کی پوزیشن واضح ہوگی اور اپوزیشن بلاک میں اتحاد کی نوعیت کا اندازہ بھی لگایا جا سکے گا۔انہوںنے کہا کہ چوتھی نشست فیصلہ کن ہوگی، کیونکہ اس سے سیاسی مساوات کی سمت کا پتہ چلے گا۔سیاسی چالاکیوں کے امکان پر اشارہ دیتے ہوئے صادق نے کہا کہ پارٹی کسی بھی قسم کی ترغیب یا وفاداری کی تبدیلی کی کوششوں کے خلاف چوکنا ہے۔ “انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہارس ٹریڈنگ کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ہمیں اپنے ارکان اسمبلی کی دیانتداری اور پارٹی کی وحدت پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے دہرایا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت، ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی سربراہی میں، مجموعی سیاسی منظرنامے اور اتحادیوں کی حرکیات کا بغور جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ “یہ عمل مکمل طور پر مشاورتی ہوگا اور جموں و کشمیر کے وسیع تر مفاد میں کیا جائے گا۔










