اختتامی تقریب پر شاندار ڈرامہ ’’سوچو تو ویا دھی‘‘ ڈرامہ شائقین کے سامنے پیش کیا گیا
سرینگر/جمیل انصاری/نیشنل اسکول آف ڈرامہ (NSD) ٹی آئی ای سینٹر، سری نگر کی جانب سے کشمیر کے اسکولی بچوں کے لیے اسپرنگ بڈز ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ اوم پورہ بڈگام کے اشتراک سے منعقدہ 20 روزہ تھیٹر ورکشاپ آج اختتام پذیر ہوا۔ ورکشاپ کے شرکاء نے ٹیگور ہال سری نگر میں ایک شاندار ڈرامہ ’’سوچو تو ویا دھی‘‘ پیش کیا، جسے ممتاز تھیٹر ڈائریکٹر شری پبتر رابھا نے ڈیزائن اور ڈائریکٹ کیا تھا۔یہ ورکشاپ تھیٹر پیڈاگوجی پر مبنی تھی جس کا مقصد بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا، ان کی نفسیاتی و جسمانی نشوونما میں بہتری لانا اور ان کی لائف اسکلز کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جموں و کشمیر (یو ٹی) کے محکمہ ثقافت کے پرنسپل سیکرٹری شری برج موہن شرما (آئی ایف ایس) تھے۔ اعزازی مہمان کے طور پر کلچرل اکیڈیمی کے ایڈیشنل سیکریٹری عدیل سلیم (جے کے اے ایس)، جبکہ محمد شفی قریشی، چیئرمین اسپرنگ بڈز ایجوکیشنل انسٹی چیوٹ خصوصی مہمان کے طور تقریب پر پر موجود تھے۔تقریب کا آغاز نیشنل اسکول آف ڈرامہ، ٹی آئی ای سینٹر سری نگر کے ڈائریکٹر اِن چارج دیپنکر پال کے استقبالیہ خطبے سے ہوا۔ انہوں نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ورکشاپ میں شریک بچوں کو سراہا جنہوں نے اس تربیتی پروگرام کے ذریعے اپنی شخصیت اور زندگی کی مہارتوں کو نکھارنے کا موقع حاصل کیا۔استقبالیہ خطاب کے بعد مہمانوں کو شیلڈز اور مومنٹوز پیش کیے گئے، جنہیں دیپنکر پال اور کوآرڈینیٹر، این ایس ڈی ٹی آئی ای سینٹر، سری نگرگلزار گنائی نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔مہمانِ خصوصی شری برج موہن شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھیٹر ایک فن کے طور پر ہماری تاریخ اور ثقافت کا حصہ رہا ہے۔ انہوں نے نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے اس کردار کو سراہا جو اس نے جموں و کشمیر میں تھیٹر کو فروغ دینے کے لیے ادا کیا ہے۔بچوں کی شاندار پرفارمنس نے حاضرین کو آخر تک محو رکھا۔ ڈرامے کی پیشکش کے بعد شریک طلبہ کو معزز مہمانوں اور بڑی تعداد میں موجود ناظرین کے سامنے اسنادِ شرکت (سرٹیفکیٹس) سے نوازا گیا۔تقریب میں تھیٹر کی معروف شخصیات بشیر بھوانی، محمد امین بٹ، شفیع قریشی، الطاف حسین، ارشد مشتاق سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اور تقریب کو رونق بخشی۔ورکشاپ کے دوران تربیتی نشستوں کی قیادت نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ماہرین پبتر رابھا (تصور، ڈیزائن اور ڈائریکشن)، دیپو رابھا (موسیقی) تسیرنگ لہمو (کاسٹیوم ڈیزائن)، سشیل کانت مشرا،(ٹیکنیکل سپورٹ)نے کی ۔تقریب کے اختتام پر دیپنکر پال نے تمام مہمانوں، شرکاء اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔










