نہچیاں کرناہ میں شبانہ آتشزدگی، 3منزلہ مکان خاکستر

سرینگر / /شمالی کشمیر کے سرحدی قصبہ کرناہ کے نہچیاں گائوں میں آگ کی ہولناک واردات میں 2 بھائیوں کا تین منزلہ مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا ہے اور مکان میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی جائیداد بھی جل کر تباہ ہو گئی ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو نہچیاں کرناہ میں جاوید احمد بڈھانہ اور محمد اقبال بڈھانہ نامی دو بھائیوں کا رہائشی مکان میں شاٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ نمودار ہوئی او تین منزلہ مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا اور دیگر بستی کو مقامی لوگوں کے تعاون سے پولیس اور فوج نے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔نمائندہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ رات کو لوگ سونے کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک آگ کے شعولے دکھائی دئیے اور لوگوں نے جائے وارادت پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی، تاہم بعد میں فوج اور پولیس کے اہلکاروں نے جائے واردات پر پہنچ کر رسکیو اپریشن شروع کیالیکن آگ اس قدر ہولناک تھی کہ مکان آناً فاناً راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ، البتہ بستی میں موجود دیگر مکانوں کو بچا لیا گیا ہے۔اس دوران بتایا جاتا ہے کہ مکان میں موجود زیورات سمیت دیگر قیمتی مال واسباب مکمل طور پر تباہ ہو ا ہے اور آگ متاثرہ کنبہ کے افراد خانہ کھلے آسمان تلے آگئے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی محکمہ کا انجن وقت پر جائے واردات تک نہیں پہنچ سکا کیونکہ محکمہ کے پاس کوئی بھی بڑی گاڑی موجود نہیں ہے جبکہ محکمہ کے عہدیداران کو متعدد بار یہ یاداشت پیش کی گئی کہ کرناہ کیلئے چھوٹی گاڑیاں فراہم کی جائیں کیونکہ یہاں کی سڑکیں تنگ ہیں اور یہاں بڑی گاڑیاں نہیں چل سکتی ہیں ،لیکن اس جانب کوئی بھی توجہ نہیں دی گئی۔اس دوران گوجر لیڈر خالد سجاد بڈھانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثر کنبہ کے حق میں معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے فوج ، پولیس اور مقامی نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں کی بدولت آگ پر قابو پایاگیا ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آگ متاثر کنبوں کی بازآبادکاری کیلئے فوری طور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آئندہ وقت ان کیلئے مشکل اور کٹھن ثابت نہ ہوجائے۔