نگین آگ کی واردات میں ہاوس بوٹوں کو کروڑوں کا نقصان ہوا

نگین آگ کی واردات میں ہاوس بوٹوں کو کروڑوں کا نقصان ہوا

انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کسی بھی طرح کی معاونت نہیں کی گئی ۔ متاثرین

سرینگر///گزشتہ ہفتے نگین میں آگ کی بھیانک واردات میں 7ہاوس بوٹ جل کر خاکستر ہوئے ہیں ۔ آگ کی واردات کے بعد اگرچہ ضلع انتظامیہ اور دیگر سیاسی لیڈران کی ایک فوج نے متاثرین کے ساتھ ملاقات کے بعد انہیں ہر ممکن مدد دینے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم آج تک کسی بھی طرح کی امداد متاثرین کو فراہم نہیں کی گئی نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے کوئی معاوضہ دیا گیا اور ناہی کسی سیاسی لیڈر نے کوئی مدد کی بلکہ سبھی لوگوں نے ان کے ساتھ زبانی ہمدردی کااظہار کیا لیکن زمینی سطح پر ابھی تک کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق نگین میں گزشتہ ہفتے شبانہ آگ کی ایک بھیانک واردات میں 7ہاوس بوٹ جل کرخاکستر ہوئے جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کی قیمت قریب 60کروڑ روپے تھی ۔ ہاوس بوٹوں میں دیگر سازوسامان بھی جل کر مکمل خاکستر ہوا ۔ آگ کی واردات میں جو ہاوس بوٹ جل گئے تھے ان میں سے راج محمد شخص کا ایک فلورنامی ہاوس بوٹ بھی جل گیا تھاجس میں ایک کنبہ رہائش پذیر تھا جس کے پاس اس ہاوس بوٹ کے سوا نہ رہنے سہنے کیلئے اور کوئی ٹھکانہ تھا اور ناہی روزگار کا دوسرا کوئی ذریعہ تھا۔کنبہ اب کھلے آسمان تلے آگیا اور اس وقت ایک عارضی ٹنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔اس آگ کی واردات کے اگلے روز سے ہی سیاسی لیڈران اور انتظامیہ کے افسران نے جائے موقع پر دورہ کیا اور نقصان کا جائزہ لیا۔ موقعے پر پہنچنے والے افسران میں ڈی سی سرینگر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے جنہوںنے متاثرین کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہیں بھر پور تعاون اور امداد کا وعدہ کیا تاہم اعلانات کے سوا انہیں ابھی تک ایک بھی پیسے کی مدد نہیں کی گئی ۔ متاثرین نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک موڑ پر انہیں تنہا نہ چھوڑیں اور ان کی باز آباد کاری کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں ۔