Navin Choudhary

نوین چودھری نے حصولیابی پورٹل کی تیاریوں اور پورٹل کو نیشنل پورٹل میں مربوط کرنے کے عمل کا جائزہ لیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اور بہبود کساناں ( اے پی ڈی اور ایف ڈبلیو) نوین کمار چودھری نے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور اُنہوں نے حصولیابی پورٹل کی تیاریوں اور اور نیشنل پورٹل میں مربوط کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و امورِ صارفین ( ایف سی ایس اینڈ سی اے ) زبیر احمد، ڈائریکٹر اے پی ڈی اور ایف ڈبلیو جموں ، ڈائریکٹر جنرل منیجر ایف سی آئی جے اینڈ کے جموں ، سائنسدان ( اِی) ، این آئی سی جموں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔ابتداً میٹنگ کوجانکاری دی گئی کہ حصولیابی پورٹل ستمبر سے دستیاب ہے جس میں کسانوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے اور جے اینڈ کے پورٹل خریف سیزن 2021 کے لئے بھی تیار ہے جو یکم اَکتوبر سے صوبہ جموں میں شروع ہوگا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ زراعت سے کہا کہ وہ تمام سہولیات منڈیوں میں دستیاب رکھیں جہاں خریداری کی جائے گی جبکہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ باقی خریداری کے عمل کا خیال رکھے۔میٹنگ کو نیشنل پورٹل کے ساتھ جے اینڈ کے پورٹل مربوط کرنے کے بارے میں بتایا گیاکہ جے اینڈ کے نے تری پورہ ماڈل کا اِنتخاب کیا ہے اور یہاں بھی اِسی عمل کی پیروی کی جارہی ہے ۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ تمام ٹیسٹنگ مرحلے مکمل ہوچکے ہیں اور پورٹل خریف سیزن کی خریداری کے لئے تیار ہے ۔اُنہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ حصولیابی رئیل ٹائم بنیادوں پر ہونی چاہیئے تاکہ اعداد شمار سینٹرل پورٹل پر بغیر کسی پریشانی کے بھیجے جائیں ۔اُنہوں نے ایس ڈی اوز سے یہ بھی کہا کہ وہ یکم اَکتوبر2021ء سے 2؍ اَکتوبر 2021ء تک نامزد منڈیوں میں کیمپ لگائیں تاکہ مسائل کا ازالہ کیا جاجاسکے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی رقم 72گھنٹوں کے اندر ادا کی جائے۔میٹنگ کوجموں خطے میں منڈیوں کی دستیابی کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام منڈیوں کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے لئے محکمہ زراعت کی جانب سے ٹینڈر بھی جاری کئے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری زبیر احمد نے ایف سی آئی اور محکمہ زراعت کو ہدایت دی کہ وہ یکم اکتوبر سے اَصل خریداری سے پہلے تمام اِنتظامات کریں اور متعلقین سے کہا کہ یوٹی پورٹل کونیشنل پورٹل اور ایف سی آئی کے ساتھ مربوط کیا جائے ۔اس کے مطابق مطلع کیا جائے گا۔