دوشیزہ سمیت 3افرادلقمہ اجل،ایک شدیدزخمی
سری نگر//سری نگراورپانپورمیں 2سڑک حادثات کے دوران ایک دوشیزہ سمیت 3افرادلقمہ اجل بن گئے جبکہ بڈگام میں ایل ٹی لائن کی مرمت کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے ایک32سالہ شہری جاں بحق ہوگیا۔جے کے این ایس کے مطابقسری نگر کے نوگام چوک میں جمعرات کی دو پہر کو ایک سڑک حادثے میں جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والی ایک دوشیزہ سمیت2 افراد از جان جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے نوگام چوک میں جمعرات کی دو پہر کو ایک تیل ٹینکر اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پرسوار ایک خاتون سمیت2افراد بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے جبکہ تیسرا زخمی ہوگیا۔متوفین کی شناخت25سالہ یاسر عزیز ڈار ولد عبد العزیز ڈار ساکن اونتی پورہ پلوامہ اور کامیہ شوکت دختر شوکت احمد خان ساکن پلوامہ جبکہ زخمی کی شناخت شعیب تنویر بٹ ولد تنویر احمد بٹ ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو علاج و معالجے کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔پولیس تھانہ نوگام نے اس سڑک حادثے کی مناسبت سے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران ضلع پلوامہ کے کنڈی زال پلوامہ علاقہ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات ایک ڈمپر زیرنمبرJK18C-3212اورایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیرنمبرJK13C-6997کے درمیان ٹکر ہوئی ،جسکے نتیجے میں ٹاٹاموبائل گاڑی کاڈرائیور شدیدزخمی ہوگیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے ڈرائیورریاض احمدبٹ ساکنہ لری ہارترال کونزدیکی اسپتال منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروںنے اُس کومردہ قرار دے دیا۔پانپورپولیس نے اس سڑک حادثے کی مناسبت سے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔دریں اثناء وسطی ضلع بڈگام کے پناہ گنڈ نامی گائوںمیں ایک مقامی شہری 32سالہ مدثراحمدگنائی ولد محمدرمضان جب جمعرات کے روز ایل ٹی لائن کی مرمت کررہاتھا تواس دوران اس نوجوان کابجلی کرنٹ سے رابطہ ہوا،بجلی کازوردار جھٹکا لگنے سے مذکورہ نوجوان وہیں گرگیا ،کچھ مقامی لوگوںنے مدثر گنائی کواسپتال منتقل کیالیکن ابتدائی طبی معائنے کے بعدڈاکٹروںنے اس کومردہ قراردے دیا۔بڈگام پولیس نے پناہ گنڈ نامی گائوںمیں پیش آئے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ۔










