veena pandita

نومبر کے پہلے اور دوسرے ہفتے 10ویں اور12ویں جماعت کےامتحانات ہونے کا امکان:پروفیسر پنڈتا

سرینگر //10ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ باقاعدہ بورڈ امتحانات نومبر کے پہلے اور دوسرے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ بورڈآف اسکول ایجوکیشن کی خاتون سربراہ پروفیسروینا پنڈتا نے ایک میڈیا ادارے کو بتایا کہ وہ 12 ویں جماعت کے سالانہ باقاعدہ امتحان 7 یا 8 نومبر سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس کے بعد نومبر کے دوسرے ہفتے میں دسویں جماعت کا امتحان شروع ہوسکتے ہیں ۔خیال رہے بورڈچیئرپرسن کا یہ بیان’اکتوبر کے آخری ہفتے سے‘بورڈکے سالانہ امتحانات کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہوں کے درمیان آیا ہے۔پروفیسر ویناپنڈتا نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک میٹنگ جمعہ کو بلائی گئی تھی جس میں متعلقہ عہدیداروں کو کہا گیا تھا کہ وہ ضروری انتظامات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار جڑواں یعنی 10ویں اور12ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا بوجھ کم ہونے کے بعد ، ہم اس کے مطابق 11 ویں سالانہ باقاعدہ امتحان کے انعقاد کا منصوبہ بنائیں گے۔بورڈآف اسکول ایجوکیشن کی خاتون سربراہ نے مزید کہا کہ انہوں نے نومبر سے10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات عارضی طور پر شیڈول کئے تھے ، لیکن اس وقت کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔بورڈآف اسکول ایجوکیشن کے جوائنٹ سیکرٹری امتحانات پروفیسر اعجاز حکاک نے میڈیا ادارے کو بتایا کہ سوال پرچہ100 فیصد نصاب سے تیار کیا جائے گا لیکن طلباء کو صرف70 فیصد سوالات کوحل کرنے یاانکے جواب لکھنے کی کوشش کرنی ہوگی جو100 فیصد سمجھے جائیں گے۔