نئی دہلی/یو این آئی// مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہاں جمعرات کے روز کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کی عزت افزائی صحت خدمات کے مستقبل کو مضبوط بنائے گی۔ سنگھ نے یہ بات ملک بھر کے 26 نوجوان طبی ماہرین کیلئے منعقدہ ایک اعزازی تقریب میں کہی، جنہوں نے طب کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ان طبی ماہرین نے آنکولوجی (کینسر کے ماہر)، پیڈیاٹرکس (اطفال طب)، اینڈوکرینولوجی (ہارمون توازن)، آرتھوپیڈکس (ہڈیوں کے امراض) اور ایمرجنسی میڈیسن جیسے کئی خصوصی شعبوں میں قابلِ ذکر کام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر تقریب کے منتظم ادارے کی تعریف کی اور کہا کہ ان طبی ماہرین کو ان کے کریئر کے ابتدائی مرحلے میں اعزاز دینا میرے لیے نہایت اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کریئر کے آغاز میں اعزاز ملنا نہ صرف ان کی کارکردگی کا اعتراف ہے ، بلکہ آئندہ بہتر کارکردگی کے لیے حوصلہ افزائی بھی ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹروں کو ابتدائی مرحلے میں حوصلہ دینا ملک کی صحت کی خدمات کے مستقبل کو مضبوط بنانے کیلئے بھی ضروری ہے ۔










