نوجوان لیکچرر اورنوعمر طالب علم کی حرکت قلب بند

کولگام//وبی ضلع کولگام کے دیدی پورہ علاقہ میں سنیچرکی صبح اُسوقت کہرام مچ گیا ،جب یہاں ایک نوجوان لیکچررکی حرکت کلب بند ہونے سے موت واقعہ ہونے کی خبر سن کر ایک 14سالہ طالب علم بھی دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا۔دونوں اُستاد،اورشاگردکی آخری رسومات ایک ساتھ انجام دی گئیں ۔اس دوران ایک جواں سال استاداورایک نوعمر طالب کی موت واقعہ ہونے کی خبرسن کر نزدیکی گائوںزاڈی پورہ میں نویں جماعت کی ایک طالبہ کواچانک دل کادورہ پڑا،اوراسکو فوراًصدراسپتال سری نگر پہنچایا گیا،جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیروادی میں آئے دنوں خودکشی اورحرکت قلب بندہونے کے واقعات کے بیچ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ایک گائوں میں سنیچر کی صبح فضاء سوگوار ہوئی اوریہاں ہرآنکھ اشکبار ہوئی اوردل بھی روئے۔معلوم ہواکہ دیدی پورہ کولگام میں سنیچر کی صبح جواں سال لیکچرر37سالہ میسرمقبول نے سینے میں دردکی شکایت کی ۔افرادخانہ نے گورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول قیموہ کولگام میں تعینات نوجوان لیکچررکوضلع اسپتال کولگام منتقل کیا ،تاہم یہاں موجودڈاکٹروںنے ابتدائی طبی معائنے کے بعد 37سالہ میسر مقبول ولدمحمدمقبول سہہ کومردہ قرار دے دیا۔جواں سال لیکچررکے دل کادورہ پڑنے سے موت واقعہ ہونے کی خبر جب دیدی پورہ پہنچی تویہاں خواتین سینہ کوبی اور آہ و زاری کرتی ہوئی ان کے گھر کی طرف رخ کرنے لگیں۔اس دوران رقعت آمیزمناظر بھی دیکھے گئے اوران مناظرکودیکھ کر متوفی لیکچررکے پڑوس میں رہنے والے نویں جماعت میں زیرتعلیم طالب علم 14سالہ سمیر احمد وانی بے ہوش ہوکر گر پڑا۔یہاں موجود لوگوںنے پانی پلاکر اس بچے کوہوش میں لانے کی کوشش کی لیکن یہ ایسے سوگیا تھاکہ کوئی اسکوپھرجگانہ سکا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ جواں سال لیکچررکے موت کی خبر سن کر کمسن طالب علم سخت دلبرداشتہ ہوا ،اورخواتین کی آہ وزاری کے رقعت آمیزمناظر دیکھ کر اس کوبھی دل کاایسا شدیددورہ پڑگیاکہ موقعہ پرہی یہ کمسن طالب علم لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہاں قیامت کاسماں پیداہوا کیونکہ یکے بعددیگر ے ایک نوجوان لیکچر راورایک نوعمر طالب حرکت قلب بندہونے کے بعداللہ کوپیارے ہوگئے ۔انہوںنے بتایاکہ علاقہ میں کہرام مچ گیا اورسنیچر کی یہ صبح ہم سب کیلئے المناک رہی ۔انہوں نے کہاکہ یہاں ایسی غمناک صورتحال پیداہوئی کہ علاقہ کی مسجدکمیٹی نے دونوں نوجوان لیکچرر اورکمسن طالب علم کی آخری رسومات اداکرانے میں جلدی کی ،اور ہفتہ کی صبح بیک وقت استاد اور شاگرد کی تجہیز و تکفین انجام دی گئی۔دونوں کی میتوںکوسینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپردلحدکیاگیا ۔اس دوران دیدی پورہ میں رونماہوئے سانحے کی خبر سن کرنزدیکی گائوںزاڈی پورہ میں نویں جماعت کی ایک طالبہ کواچانک دل کادورہ پڑا۔مذکورہ نوعمرطالبہ کو فوراًصدراسپتال سری نگر پہنچایا گیا،جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔