گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈر ی سکول کوٹھی باغ میں’ عالمی یوم ماحولیات 2025 ‘کی ہفتہ بھر تقریبات سے خطاب
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے نوجوان نسل بالخصوص سکول اور کالج جانے والے طلباءو طالبات میں ماحولیاتی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار آج گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول (جی جی ایچ ایس ایس) کوٹھی باغ میں’ عالمی یوم ماحولیات 2025 ‘کی ہفتہ بھر تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر ناظم سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو، چیف ایجوکیشن آفیسر سری نگر، پرنسپل جی جی ایچ ایس ایس کوٹھی باغ، ضلع سری نگر کے مختلف اِداروں کے سربراہان، اَساتذہ کرام اور بڑی تعداد میں طلبأ و طالبات موجود تھے۔سکینہ اِیتو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے موسم میں جنگلات کی کٹائی او ردیگر متعلقہ سرگرمیوں کی وجہ سے زبردست تبدیلیان دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس دِلانے کی اَشد ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ماحولیاتی تحفظ صرف پالیسی کا معاملہ نہیں بلکہ ہر فرد کی ذاتی ذِمہ داری بھی ہے۔ ہم سب کو اَپنے گھروں، سکولوں اور کمیونٹی سے تبدیلی کا آغاز کرنا ہوگا۔‘‘وزیر موصوفہ نے تمام شرکأ پر زور دیا کہ وہ درخت لگانے کو اپنی روزمرہ عادت بنائیں اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے ہمیں اِجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول ( جی جی ایچ ایس ایس)کوٹھی باغ کی تعلیمی کارکردگی کی بھی ستائش کی اور کہا کہ آج سرکاری اِدارے نجی سکولوں کے ہم پلہ ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جن طلبأ کو آج اعزازات سے نوازا گیا ہے وہ اس کا واضح ثبوت ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ آئی اے ایس، کے اے ایس، این اِی اِی ٹی،جی اے ٹی اے اور دیگر پیشہ ورانہ اِمتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے اکثر طلبأ کا تعلق سرکاری اداروں سے ہوتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ تعلیم اور صحت شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیوں کہ یہی کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے جی جی ایچ ایس ایس کوٹھی باغ کے طلاب کی سبزاَقدامات کو فروغ دینے میں اُن کے فعال کردار کے لئے سراہنا کی اور اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ یہ طالبات قدرت کی تاحیات سفیر بنیں۔پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر پر بات کی ۔اُنہوں نے مسلسل تعاون پر وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے دسویں اور بارہویں جماعت کے اِمتحان میں ٹاپ کرنے والوں کو طلبأ و طالبات کو مُبارک باد دی۔ اُنہوں نے بال رکھشا بھارت کے بچوں کو بھی اعزازات سے نوازا۔اُنہوںنے تقریب کے دوران پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری(جی جی ایچ ایس ایس) کوٹھی باغ کا سکول ترانہ کی نقاب کشائی بھی کی۔اِس موقعہ پر طلباء نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہوں نے وادی کی شاندار تہذیب اور ثقافت کی عکاسی کی۔اِس سے قبل وزیر موصوفہ نے گرین سکول ایکو کلب کے طلبأ کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن میں ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے تیار کردہ مصنوعات اور اِختراعات کی نمائش کی گئی تھی۔ اُنہوں نے سکول کی بائیو ڈائیورسٹی وال کا بھی معائینہ کیا۔










