نمائش گاہ سری نگر میں دو روزہ ٹرینی پروڈِکٹس سیل کا آغاز

نمائش گاہ سری نگر میں دو روزہ ٹرینی پروڈِکٹس سیل کا آغاز

سری نگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس وو ہینڈلوم کی جانب سے منعقدہ دو روزہ ٹرینی پروڈکٹس سیل کاکشمیر ہاٹ جسے عام طور پرنمائش گاہ کے نام سے جانا جاتا ہے، میں آغاز ہوا۔صوبہ کشمیرکے تمام 10 اضلاع میں موجود 432 تربیتی مراکز میں تربیت حاصل کرنے والے اَفراد کے بنائے ہوئے دستکاری مصنوعات اور ’ماسیو کارپیٹ سکیم ‘کے تحت بُنائی گئی ہاتھ سے بنی اُون کی قالینیں نمائش اور فروخت کے لئے اِنتہائی سستے داموں پر دستیاب ہیں اور اِس میں مزدوری کی لاگت شامل نہیں کی گئی۔محکمہ کے ایک ترجمان نے آج جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ بڑی تعداد میں خریدار کشمیر ہاٹ پہنچے اور ہاتھ سے بنی مصنوعات کو خام مال کی اصل لاگت پر خریدا۔ اُنہوں نے کہا،’’ضلع سٹالوں میں اچھی فروخت متوقع ہے کیوں کہ کئی خریدار جی آئی ٹیگ شدہ پشمینہ شالیں اور سٹولز، کریول پردے، سوزنی کڑھائی والی شالیں، زری و آڑی کڑھائی والے سوٹ، ٹویڈ کپڑا، چین سٹیچ کے قالین اور کشن کور، ٹیپسٹری، گب اور نمدہ مصنوعات، نیز پیپر ماشی اور بید مجسمہ سازی و سجاوٹی اشیأ خرید رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید بتایا کہ سیل کل شام 5 بجے اِختتام پذیر ہوگی۔ترجمان نے بتایا کہ ’ماسیو کارپٹ سکیم‘ کے تحت بُنکروں کے ہاتھوں سے بنے ہوئے اُونی قالینوں کو بھی زبردست پذیرائی ملی ہے جس میں بہت سے قالین فروخت ہوئے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے ایک بیداری کیمپ بھی منعقد کیا جہاں انہیں محکمہ کی مختلف فلیگ شپ اور فلاحی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں کاریگروں اور بُنکروں کے لئے ’کریڈٹ کارڈ سکیم‘ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے لئے مالی معاونت اور کارخانہ دار سکیمیں شامل ہیںہیں۔