سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے کشمیری ہاٹ، جو لوگوں میں نمائش گاہ کے نام سے مشہور ہے، میں دو روزہ ’ٹرینی پروڈکٹس سیل‘ کا اِفتتاح کیا۔نمائش میں صوبہ کشمیر کے تمام 10 اَضلاع کے تربیتی مراکز سے تیار شدہ مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں جن میں ہاتھ سے بنے ہوئے اونی قالین، جی ٹیگ شدہ پشمینہ شال اورسٹولز، کریول پردے، سوزنی ایمبرائیڈری شال، زری و آری کڑھائی والے سوٹ، ٹویڈ کپڑا، چین سٹچ قالین اور کشن کورز، ٹپیسٹری، گبّہ اور نمدہ مصنوعات، پیپر ماشی، اور وِلو وِکر کے سوینئر اور سجاوٹ کی اشیاء شامل ہیں۔یہ مصنوعات اِنتہائی مناسب قیمتوں پر پیش کی جارہی ہیں جن کی قیمت صرف اِستعمال شدہ خام مال کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔ ان میں مزدوری شامل نہیں کی گئی جس سے خریداروں کو مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات لاگت کے برابر قیمت پر دستیاب ہوں گی جبکہ تربیت حاصل کرنے والوں کو اَپنی صلاحیتیں دِکھانے کا بہترین موقع بھی ملتا ہے۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ گزشتہ تین ٹرینی مصنوعات کی نمائشوں میں مجموعی طور پر 57 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی جو کشمیری دست کاری مصنوعات کے لئے عوام کے زبردست ردِّعمل اور طلب کی عکاسی کرتا ہے۔توقع ہے کہ موجودہ نمائش کے دوران ضلعی سٹالوں پر حوصلہ اَفزا فروخت ہوگی بالخصوص قالین ،پشمینہ اور دیگر جی آئی ٹیگیڈ دست کاریوں میں دِلچسپی کی توقع ہے۔یہ اَقدام تربیت یافتہ اَفراد کو تجربہ حاصل کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا رہتا ہے جبکہ ساتھ ہی کشمیر کی امیر دستکاری ورثے کو فروغ دیتا ہے۔نمائش کل بھی جاری رہے گی۔










