پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ وائرل انفیکشن کے باعث انگلینڈ کے خلاف 7 میچوں پر مشتمل سیزیز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے باہر ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ قومی ٹیم کے اہم نوعمر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو انفیکشن کے باعث ہسپتال لے جایا گیا اور وہ بدھ کے روز انگلینڈ کے خلاف ہونے والے پانچویں ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 میچوں پر مشتمل سیریز کے باقی مقابلوں میں 19 سالہ کھلاڑی کی دستیابی کا فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ نسیم شاہ کو منگل کی رات وائرل انفیکشن کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا اور وہ بدھ کے روز ہونے والے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔نسیم شاہ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ کھیلا تھا جس میں انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 41 رنز دیے تھے اور کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 7 میچوں پر مشتمل سیریز کے کراچی میں ہونے والے 4 میچوں کے بعد سیریز 2-2 سے برابر ہے جب کہ دوطرفہ سیزیز کے باقی تین میچز لاہور میں شیڈول ہیں جن کا آغاز آج سے ہوگا۔واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو3 رنز سے شکست دی تھی، 167 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی۔خیال رہے کہ انگلینڈ نے ہیری بروکس اور ڈوکیٹ کی شان دار بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی نپی تلی کارکردگی کی بدولت پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں باآسانی 63 رنز سے شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی تھی۔انگلینڈ 17 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ کر رہا ہے۔یاد رہے کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بابراعظم کی ٹی20 کیریئر کی شان دار دوسری سنچری اور محمد رضوان نے نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے200 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے آخری اوور کی تیسری گیند میں حاصل کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے 7 میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔










