modi 2

نریندر مودی کا تاریخی ریکارڈ

8933دن عوامی عہدے پر رہنے والے طویل ترین سربراہ حکومت

سرینگر// یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے عوامی زندگی میں 8,931 دن مکمل کر کے بھارت کے طویل ترین عرصہ تک خدمات انجام دینے والے سربراہ حکومت ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ وہ اس عرصے میں پہلے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور پھر بھارت کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔مرکزی وزراء نے اس موقع پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں مودی دورنے بھارت کو ترقی، خود اعتمادی اور عالمی سطح پر نئی شناخت دی ہے۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی اب بھارت کے سب سے طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے سربراہ حکومت بن چکے ہیں اور ان کی زندگی قوم اور عوام کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے سابق سکم کے وزیر اعلیٰ پون کمار چاملنگ کا 8,930 دنوں کا ریکارڈ عبور کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی زندگی خدمت کا مسلسل سفر ہے، جو گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کے عزم اور وزیر اعظم کے طور پر ان کی قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ مودی کی دہائیوں پر محیط ’’سیوا‘‘ے ایک نئے دور کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو حقوق دینا، ترقی کے نئے سنگ میل قائم کرنا اور عالمی سطح پر بھارت کا وقار بلند کرنا مودی دور کی نمایاں خصوصیات ہیں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ 24 برس سے زائد عرصے تک بغیر وقفہ عوامی خدمت انجام دینا مودی کے عزم کا ثبوت ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد اور محبت ان کے ساتھ مسلسل بڑھتی رہی ہے۔مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم کے دور حکومت میں بھارت وکست بھارتکے وڑن کی جانب گامزن ہے، جہاں عوامی فلاحی پالیسیوں کے ذریعے غریبوں، نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت عالمی سطح پر زیادہ مضبوط اور بااثر ملک کے طور پر ابھرا ہے۔مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل نے کہا کہ 8,931 دنوں پر مشتمل مودی کا عوامی خدمت کا سفر ہمہ جہت ترقی اور قوم کی تعمیر کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔بی جے پی کے صدر نتن نبین نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ڈیجیٹل انقلاب، مؤثر عوامی فلاحی اسکیموں اور ‘‘آتم نربھر بھارت’’ کے وڑن میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014، 2019 اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں مسلسل کامیابیاں عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا ثبوت ہیں۔ریلوے اور اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مودی کا ہر لمحہ عوام کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے چناب ریلوے پل پر قومی پرچم تھامے وزیر اعظم کی تصویر بھی شیئر کی، جو دنیا کا بلند ترین ریلوے پل ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اس کامیابی کو ایک قابل ذکر سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مودی کی انتھک محنت، دیانتداری اور قوم کو اولین ترجیح دینے کی پالیسی کا مظہر ہے۔واضح رہے کہ نریندر مودی اکتوبر 2001 سے مئی 2014 تک گجرات کے وزیر اعلیٰ رہے اور 26 مئی 2014 کو پہلی بار بھارت کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔ اس کے بعد وہ 2019 اور 2024 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری مرتبہ اس عہدے پر فائز ہیں اور ملک کی قیادت کر رہے ہیں۔