نالہ سکھ ناگ میں فضلہ پھینکنے پر پابندی عائد

نالہ سکھ ناگ میں فضلہ پھینکنے پر پابندی عائد

عوامی نوٹس جاری ماحول اور صحت کے تحفظ کی ہدایت

سرینگر/یو این ایس// ناربل کے بلاک ڈیولپمنٹ افسر نے ایک سخت عوامی نوٹس جاری کیا ہے جس میں نالہ سکھ ناگ میں ٹھوس اور مائع فضلہ پھینکنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سنگین ماحولیاتی آلودگی اور عوامی صحت کے خطرات سے بچاؤ کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔نوٹس کے مطابق،نالہ کے کنارے بسنے والے کچھ مکین، خاص طور پرمازہامہ،کانہامہ،بٹہ پورہ کے علاقے، غیر قانونی طور پر پائپ اور دیگر انتظامات کے ذریعے گھریلو گندگی اور مائع فضلہ براہِ راست نلّہ میں خارج کر رہے ہیں۔یو این ایس کے مطابق حکام نے کہا کہ اس طرح کے عمل سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ، پانی کے ذخائر کی آلودگی، اور عوامی صحت کے لیے خطرات پیدا ہو رہے ہیں، علاوہ ازیں یہ عمل ماحولیاتی اصولوں اور صفائی ستھرائی کے معیار کی خلاف ورزی بھی ہے۔تمام مکینوں کو فوری طور پر نلّہ میں کوئی بھی فضلہ خارج کرنے سے روکنے، اور موجودہ پائپ یا دیگر انتظامات کو ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فضلہ کو صرف منظور شدہ صفائی کے نظام کے ذریعے مناسب طریقے سے تلف کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نے واضح کیا ہے کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد کسی بھی شخص کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ نوٹس عوامی مفاد میں جاری کیا گیا ہے تاکہ نالہ سکھ ناگ کی صفائی اور ماحول کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔