نالا صفائی میں کوتاہی سے پیدا ہوا صحت کا بحران، ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ کو سونپا مکتوب

نالا صفائی میں کوتاہی سے پیدا ہوا صحت کا بحران، ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ کو سونپا مکتوب

نئی دہلی: کانگریس کا کہنا ہے کہ راجدھانی دہلی میں برسات سے قبل نالوں کی صفائی میں سنگین کوتاہی اور سڑکوں پر گاد (کیچڑ) کے ڈھیر چھوڑنے کے مسئلے نے ایک سنگین عوامی صحت اور ماحولیاتی بحران کو جنم دیا ہے۔ اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو ایک تفصیلی مکتوب پیش کیا، جس میں اس مسئلے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ڈاکٹر نریش کمار کے مطابق مکتوب کی ایک نقل لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کو بھی بھیجی گئی ہے تاکہ اس حساس معاملے پر ایل جی سطح سے بھی مداخلت ہو سکے۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پرویش ورما کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ ’’ساری صفائی صرف دکھاوا ہے، حقیقت یہ ہے کہ نالوں سے نکلی گاد کو سڑکوں پر ڈال کر عوام کو مزید خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے پی ڈبلیو ڈی وزیر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’پرویش ورما صرف سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں، جبکہ ان کا محکمہ زمینی سطح پر ناکام ہو چکا ہے۔ نالا صفائی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں، لیکن نتیجہ صفر ہے۔‘‘ ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ کو سونپے گئے مکتوب میں مطالبہ کیا ہے کہ نالوں سے نکالی گئی گاد کو فوراً محفوظ مقامات پر منتقل کر کے نپٹایا جائے تاکہ بارش کے پانی کے ساتھ وہ واپس نالوں میں نہ جائے اور نکاسیٔ آب کا نظام متاثر نہ ہو۔انہوں نے اس کو انتظامی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’برسات سے پہلے نالوں کی مکمل صفائی نہ ہونا اور گاد کو کھلے میں چھوڑ دینا عوام کے ساتھ سیدھا ظلم ہے۔ حکومت صرف دعووں تک محدود ہے، زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔‘‘ ڈاکٹر نریش کمار نے بتایا کہ دہلی کے کئی علاقوں سے شکایات مل رہی ہیں کہ سڑکوں پر پڑی گاد کی بدبو سے فضا آلودہ ہو گئی ہے، مچھر بڑھ گئے ہیں اور بچوں، بوڑھوں اور مریضوں کی صحت خطرے میں ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر جلد کوئی مؤثر اقدام نہ ہوا تو دہلی کانگریس عوامی مفاد میں سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہر زون میں نگرانی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو صفائی پر نظر رکھیں اور عوام کو فوری ریلیف پہنچائیں۔