سری نگر//ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے مختلف مقامات کے چیف ایگزیکٹیو افسران اور ریزٹ اَفسران اور محکمہ کے دیگر اَفسران کی ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور مصنوعات کی شرحوں کا جائزہ لیا جاسکے۔دورانِ میٹنگ ناظم سیاحت کشمیر نے مختلف مقامات پر رہائش ، پونی ، شکار ، سیلج وغیر ہ کی موجودہ ریٹ پیٹرن اور ان کی خدمات پر کووِڈ ۔19 کے اَثرات کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ اِس برس کووِڈ۔19 کی شدید دوسری لہر کی وجہ سے خدمات فراہم کرنے والوں نے بہت محدود کار بار کیا۔ناظم سیاحت کشمیر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تمام سروسز ریٹس کو جلد اَز جلد طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اُنہیں پہلے سے مطلع کیا جائے اور کسی بھی سیاح کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹرجی این اِیتو نے سیاحتی شراکت داروں پر بھی زور دیا کہ وہ سیاحتی مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم کرنے میں اَپنا کردار ادا کریں تاکہ آنے والے سیاحوں کو یہ احساس نہ ہو کہ ان سے زیادہ قیمت وصول کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے اس سلسلے میں تمام سیاحتی پلیئروںسے تعاون طلب کیا۔میٹنگ میں سونہ مرگ ، پہلگام ، گلمرگ اور دیگر ریزوٹوں کے سی ای او ز ، محکمہ سیاحت کے اَفسران ، گلمرگ اور پہلگام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹران اور کئی سیاحتی تجارتی اِداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔










