ناراناگ میں سیاحتی ہٹ محکمہ جنگلات کی تصدیق کے بعد مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ

جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جن کے پاس محکمہ سیاحت کا قلمدان بھی ہیں، نے ایوان کو بتایا کہ ناراناگ میں ٹورسٹ ہٹ کی تعمیراتی کام جو 2010ء میں شروع ہوا تھا، زمین سے متعلق تنازعات اور سائٹ کی پیچیدگیوں کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکا ہے۔وزیر اعلیٰ نے جاری بجٹ سیشن کے دوران وقفۂ سوالات میں رُکن اسمبلی میاں مہر علی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ روکنے سے قبل تقریباً 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا تھا۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ ایک مقامی رہائشی کی طرف سے اُٹھائے گئے اعتراضات کے بعد کام روک دیا گیا جس نے زمین کے عوض معاوضہ یا ملازمت کا مطالبہ کیا،جس کے نتیجے میں مزید تعمیر میں رُکاوٹ اور معطلی پیدا ہوئی۔وزیر ِ اعلیٰ نے ایوان کو مزید آگاہ کیا کہ یہ معاملہ بعد میں ریونیو حکام کے ساتھ اُٹھایا گیا۔ تحصیل دار کنگن کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ یہ ہٹ وانگت اسٹیٹ کی حدود سے باہر جنگلاتی اراضی پر واقع ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ اب یہ معاملہ ڈویژنل فارسٹ آفیسرسندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے تاکہ ناراناگ کے دوشاردی موڑ پر واقع جگہ کا متعلقہ اراضی ریکارڈ حاصل کیا جاسکے اور اس معاملے کی پیروی جاری ہے۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ غیر حل شدہ تنازعی اور سائٹ سے متعلق زیرِ اِلتوا ٔمسائل کے پیش نظر اَب تک کسی بھی سکیم کے تحت اضافی فنڈز مختص نہیں کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایوان کو یقین دِلایا کہ جیسے ہی درست تفصیلات دستیاب ہوں گی، اُنہیں حاصل کر کے اِشتراک کیا جائے گا۔