نائب وزیر اعلیٰ کا چیف اِنجینئر آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی دفاتر کا اچانک معائینہ

نائب وزیر اعلیٰ کا چیف اِنجینئر آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی دفاتر کا اچانک معائینہ

شفافیت ، بروقت تکمیل اور بہتر شہری خدمات پر زور

سری نگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج راجباغ سری نگر میں واقع چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی (آر اینڈ بی) اور پی ایم جی ایس وائی کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا تاکہ محکمانہ کارکردگی اور ملازمین کی حاضری کا جائزہ لیا جا سکے۔معائینے کا مقصد محکمہ کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانا تھاجس میںڈیوٹی اورپروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر خاص توجہ دی گئی۔معائینے کے دوران نائب وزیراعلیٰ نے مختلف شعبوں کے حاضری رجسٹرز کا باریک بینی سے جائزہ لیا تاکہ ملازمین کی موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے وقت کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دفتر میں بروقت حاضری نظم و ضبط برقرار رکھنے اور بہتر کام کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔سریندرکمار چودھری نے عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی خدمات کی تیز اور بغیر رُکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ دفتر کے اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ وقت کی مسلسل پابندی عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور محکمے کی ساکھ میں اِضافہ ہوتا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے کام میں کسی قسم کی بدانتظامی سے مکمل اِجتناب کریں اور تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اوّلین ترجیح دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ منصوبوں میں تاخیر عوام کے اعتماد کو متاثر کر سکتی ہے۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذِمہ داریوں کے حوالے سے فعال رویہ اِختیار کریں اور اِس بات پر زور دیا کہ محکمانہ اہداف کے حصول کے لئے نظم و ضبط کام کی اخلاقیات بنیادی ہیں۔مزید برآں، نائب وزیر اعلیٰ نے سینئر اَفسران سے کہاکہ وہ ملازمین کی حاضری اور پروجیکٹوںکی پیش رفت پر کڑی نظر رکھیںاور کسی بھی قسم کی کوتاہی کی فوری طور پر نشاندہی کرتے ہوئے ضروری اَقدامات کریں۔اُنہوں نے شفافیت، بروقت منصوبہ بندی، بہتر شہری سہولیات اور صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے زیر اِلتوأبلوں کی جلد از جلد ادائیگی کی ہدایت بھی دی تاکہ پروجیکٹوں کی بروقت اور بغیر رُکاوٹ تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔