عوامی سہولیت او رمؤثر خدمات کی فراہمی پر زور
سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے عوامی سہولیت کو بہتر بنانے اور مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے آج سری نگر میں لیبر کمشنر آفس کا اَچانک دورہ کیا۔اِس دورے کا مقصد لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملازمین اورکارکنوں کی سماجی تحفظ اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لئے عملائی گئی مختلف سکیموں اور اَقدامات کا جائزہ لینا، محکمہ کی کارکردگی اور کام کاج کا مشاہدہ کرنا اور ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ نائب وزیرا علیٰ نے دورے کے دوران محکمہ کے نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کے بارے میں اَفسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جس پر اَفسران نے اُنہیں جاری سرگرمیوں، کامیابیوں اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں بتایا۔اُنہوںنے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے لیبر قوانین اور ضوابط کی مؤثر عمل آوری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے سرکاری دفاتر میں صفائی، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور وقت کی پابندی پر خاص توجہ دینے کی ہدایت دی۔سریندر کمار چودھری نے مرکزی اِی پی ایف او علاقائی دفتر میں موجود عوام سے بھی ملاقات کی جو لیبر کمشنر ہیڈکوارٹر میں قائم ہے اور ان کے مسائل سنے۔اُنہوں نے اُن کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کی اور اَفسران کو ہدایت دی کہ دفتری فائلوں کو بلا تاخیر نمٹایا جائے۔اُنہوں نے شہریوں کو بروقت، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور اَفسران کو شکایات کے فوری ازالے اور شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ اِنتہائی ضروری ہے کہ شہریوں کو غیر ضروری اِنتظار نہ کرنا پڑے اور تمام خدمات مقررہ وقت پر فراہم کی جائیں۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری سکیموں کے فوائد اصل مستحق تک بر وقت پہنچنے چاہئیں اورلوگوں کو ان سکیموں سے آگاہ کرنے کے لئے بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں۔اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کو دہرایا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اُترنے اور تمام وعدوں کو پور ا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔










