جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے صبح ایم اے اسٹیڈیم جموں میں 79 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔ شروع میں نائب وزیر اعلیٰ نے یومِ آزادی پریڈ کے دستوں کا معائینہ کیا اور رسمی سلامی لی ۔ پریڈ میں بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، آئی آر پی ( خواتین اور مرد ) ، جے اینڈ کے پولیس ، جے کے اے پی ، ایس ڈی آر ایف ، جے اینڈ کے فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جے اینڈ کے فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، این سی سی ( بوائیز اور گرلز ) اور متعدد سرکاری /نجی اسکولوں کے دستوں ،مختلف براس اور پائپ بینڈ کے کُل 32 دستوں نے حصہ لیا ۔ شروع میں نائب وزیر اعلیٰ نے چشوتی کشتواڑ میں ہوئے کلاؤڈ برسٹ میں جانبحق ہونے والوں کے کنبہ اور رشتہ داروں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ۔ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے 79 ویں یومِ آزادی کے مبارک موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ہمیں ہمارے بہادر آبا و اجداد کی قربانیوں ، ہمارے شہداء کے خون اور ہمارے آزادی پسند جنگجوؤں کی جدوجہد کی یاد دلاتی ہے ۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس زمین پر آزادی کی روشنی لانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے گذشتہ دس مہینوں میں حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 46 نئی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم ہو چکی ہیں اور جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ ، پلوامہ اور بڈگام جیسے علاقوں میں نئی فیکٹریاں آ رہی ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایک مقامی روز گار کی پالیسی وضع کی ہے تا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روز گار حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نہ صرف اپنے پہاڑوں کیلئے ، ندیوں اور خوبصورت موسم بلکہ صدیوں پرانے آرٹ اور ورثے کیلئے بھی جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کاریگر اور ہنر مند لوگ اس سرزمین کی روح ہیں جو اپنے ہاتھوں سے فن کے حیرت انگیز کام تخلیق کرتے ہیں جن کی پوری دُنیا میں تعریف کی جاتی ہے ۔ کمزور، غریب اور مسکین شہریوں کیلئے حکومت کی دیکھ بھال کی نشاندہی کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے کارکنوں کیلئے 2 لاکھ سیفٹی کٹس تقسیم کیں جس میں ہیلمنٹ ، حفاظتی جوتے ، دستانے اور بنیادی میڈیکل کٹس شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا آئی ایس ایس ایس ، این ایس اے پی جیسی پینشن اسکیموں کے ذریعہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے ان کی زندگیوں میں آسانی کیلئے بوڑھوں ، بیوہ خواتین اور معذور افراد کو ہر مہینے پینش فراہم کرنے کو یقینی بنایا ہے ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے صحت کی خدمات پر زیادہ زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صحت کی خدمات میں توسیع کو اپنی سب سے بڑی ترجیح دی ہے ۔ ایم بی بی ایس اور پی جی نشستوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ مقامی طلباء کو طبی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے ۔ تعلیم کے شعبے میں روشنی ڈالتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے پہاڑی اور دور دراز علاقوں کیلئے موبائل اسکولوں سمیت اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور جموں وکشمیر میں نئی تعلیمی پالیسی کو اپنایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اساتذہ کے تربیتی پروگرام شروع کئے ہیں جو نئے نصاب ، سرگرمی پر مبنی تدریس اور طلباء کی مشاورت پر مرکوز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے حکومت نے کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے زراعت م باغبانی اور سیریکلچر میں مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زعفران مشن کے ذریعے پانپور سے تعلق رکھنے والا زعفران اب جی آئی ٹیگ کے ساتھ عالمی منڈی میں پہنچ رہا ہے ۔ نوجوانوں کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت مشن یووا کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گی جس میں آئی ٹی جیسے سیکٹر میں تربیت ، سیاحت ، دستکاری ، ڈیری فارمنگ ، شمسی تنصیب اور جدید زراعت شامل ہیں ۔ تربیت کے بعد انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سبسڈی والے قرضے دئیے جائیں گے تا کہ انہیں ملازمت کی تلاش نہ کرنی پڑے بلکہ وہ شہر اور گاؤں کے نوجوانوں کو ملازمت دینے کا ذریعہ بن سکیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت کے قیام کے بعد محکمہ پبلک ورکس نے جموں و کشمیر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم سنگ میل طے کئے ہیں ۔ حکومت ہند نے جموں و کشمیر کیلئے کئی میگا ترقیاتی پروجیکٹوں کی بھی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نابارڈ کے تحت بھی بہت سارے پروجیکٹ جاری ہیں ۔ بجلی کے شعبے میں حکومت نے ٹرانسمیشن اور تقسیم کے نظام کو مستحکم کیا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت صرف ہمارے لئے ایک صنعت نہیں ہے بلکہ ہماری شناخت ، ہمارے فخر اور ہماری معیشت کا ایک مضبوط ستون ہے ۔ سیاحت کے بڑھتے ہوئے رش اور ان کی سہولت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے رہائشی بلاکس ، پارکنگ کی سہولیات اور ہجوم کے انتظام کے نظام کو اپنایا گیا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب ہماری آزادی کے تحفظ ، اس کی حفاظت اور ملک کو آگے لے جانے کی ہماری ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ہے اور خاص طور پر اس آزادی کو برقرار رکھنا ہماری نوجوان نسل کا فرض ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت ایمانداری ، محنت اور لگن کے ساتھ جے اینڈ کے کی ترقی کیلئے کام جاری رکھے گی ۔










