نائب وزیر اعلیٰ نے منگروٹ میں سدا نالہ پر 45میٹر سٹیل پُل کا اِفتتاح کیا

نائب وزیر اعلیٰ نے منگروٹ میں سدا نالہ پر 45میٹر سٹیل پُل کا اِفتتاح کیا

راجوری//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے منگروٹ میں سدا نالہ پر 45 میٹر طویل سنگل لین سٹیل موٹر ایبل پُل کا اِفتتاح کیا جو علاقے میں سڑک کی رابطہ کاری کو مضبوط کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اِس موقعہ پر رُکھ قانون ساز اسمبلی بدھل جاوید اقبال چودھری، ممبر اسمبلی کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ، ڈِی ڈِی سی ممبر بدھل اولڈ اے شازیہ کوثر اور ڈی ڈی سی ممبر موغلا شمیم اختر کے علاوہ سینئر اَفسران اور میڈیااَفراد بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا تعمیر شدہ پُل مقامی آبادی کو ہر موسم میں رابطے کی سہولیت فراہم کرے گا، ٹرانسپورٹ میں آسانی پیدا کرے گا اور مسافروں کی محفوظ آواجاہی کو یقینی بنائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یوٹی حکومت دیہی اور دُور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کے فرق کو ختم کرنے اور تمام علاقوں میں مساوی ترقی یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے ایک اوربڑے ترقیاتی اَقدام میںسدا، کالاکوٹ میں اِنسپکشن ہٹ کی تعمیر اور متعلقہ کاموں کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سہولیت اِنتظامی موجودگی کو مضبوط کرے گی اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور عمل درآمد کو بہتر بنائے گی۔دورے کے دوران سریندر کمار چودھری نے عام لوگوں سے بات چیت کی ۔ اُن کی شکایات کو بغور سُنا اور تمام جائز مطالبات کے بروقت حل کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت عوامی مرکوزیت اور فعال حکمرانی کے اصولوں پر عمل پیرا ہے جس میں خاص توجہ بنیادی سطح کے مسائل کے حل پر دی جا رہی ہے۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی بدھل جاوید اِقبال چودھری نے دُور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دینے کی یو ٹی اِنتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ ایسے منصوبے عوام کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ رکن اسمبلی کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ نے بھی اسمبلی حلقے کے لئے کلیدی ترقیاتی کاموں کی منظوری پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔عام لوگوں نے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ مطالبہ قرار دیا جس سے رَسائی میں بہتری، مسافروں کی حفاظت میں اِضافہ اورخطے میں مؤثر اِنتظامی نگرانی میں مدد ملے گی۔