سرینگر//سول سوسائٹی فورم کشمیر کے ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں جموں و کشمیر میں منشیات کی لت کے خطرے کو روکنے کیلئے ٹھوس کوششوں کی درخواست کی گئی ۔ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ منشیات کی لت تعلیمی اداروں بشمول اسکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور کوچنگ مراکز میں خطر ناک حد تک پھیل رہی ہے اور اس مسئلے کو منظم ، مربوط اور شواہد پر مبنی طریقے سے حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔ وفد نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی لت پر قابو پانے اور کنٹرول کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں جن میں ادارہ جاتی نگرانی کمیٹیاں ، بہتر نگرانی اور سیکورٹی ، فیکلٹی کی تربیت اور صلاحیت سازی ، دکانداروں کی نگرانی ، اینٹی نارکوٹکس آگاہی کیمپ وغیرہ شامل ہیں ۔ مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے منشیات کی لت سے نمٹنے اور محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے ہمارے معاشرے کے سماجی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے جسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ منشیات کی لت کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور ہماری نوجوان نسل کیلئے صحت مند اور محفوظ تعلیمی ماحول میں تعاون کیا جا سکے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تعلیمی اداروں اور مقامی پولیس ، صحت کے محکموں اور نشہ چھڑاؤ مراکز کے درمیان رابطہ کاری پر زور دیا تا کہ مشترکہ مداخلت ، آگاہی مہمات اور ردِ عمل کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جا سکے ۔ مسٹر چودھری نے والدین کیلئے ہر ششماہی کونسلنگ سیشنز اور تعلیمی ورکشاپس منعقد کرنے کا بھی مشورہ دیا تا کہ خاندانوں کو منشیات کے استعمال کی علامات کو پہچاننے اور اپنے بچوں کی موثر طریقے سے پرورش کرنے میں مدد مل سکے ۔










