مختلف اسکیموں کے تحت مزدوروں تک ویلفیئر اقدامات کی زیادہ سے زیادہ رسائی پرزور دیا
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے جموں و کشمیر میں مزدوروں کیلئے مختلف ویلفیئر سکیموں کے تحت فوائد کی بروقت اور بغیر کسی پریشانی کے تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے قوانین کو آسان بنانے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج سول سیکرٹریٹ میں اِنڈین ٹریڈ یونینز سینٹر ( سی آئی ٹی یو ) کے بینر تلے مختلف مزدور یونینوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میں رُکن اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی، سی ای او ،سیکرٹری بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ منیرالاسلام، لیبر کمشنر چرندیپ سنگھ اور دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی۔دورانِ میٹنگ نائب وزیر اعلیٰ نے مزدوروں اور ان کے کنبوں کے لئے حکومتی ویلفیئرسکیموں کی رسائی بڑھانے ، ان کی مؤثر عملداری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ موت کے معاوضے کے دعوؤں ، شادی کی اِمداد ، اُجرت کے تنازعات کے حل اور دیگر ویلفیئر اِمداد سے متعلق مقدمات کو تیز کیا جائے تا کہ مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے ۔ اُنہوں نے کہا،’’ضرورت یہ ہے کہ کچھ قواعد و ضوابط کو آسان بنایا جائے تاکہ کارکنوں کو فوائد کی وصولی اور رسائی آسان ہو سکے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے تمام اسسٹنٹ لیبر کمشنروں(اے ایل سیز) کی بہتر کارکردگی پر زور دیا اور رجسٹرڈ مزدوروں کی شکایات کے فوری اور دوستانہ حل پر زور دیا ۔ اُنہوں نے ٹریڈ یونینوں کی شفاف کارکردگی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا اورانہیں مزدوروں اور اِنتظا میہ کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کیلئے کہا تا کہ ویلفیئر سکیموں اور مزدور دوست اقدامات کے تحت زیادہ سے زیادہ مزدوروں کی کوریج یقینی بنائی جا سکے ۔ میٹنگ میں نمائندوں نے دیگر مسائل کے علاوہ کشمیر کنسٹرکشنل ورکرز یونین کے آئین میں ترامیم ، ویلفیئر بورڈ میں سی آئی ٹی یو کی نمائندگی اور رجسٹرڈ مزدوروں کے لئے پنشن اور ہاوسنگ لون سکیموں کے اجرأ کے مسائل اُجاگر کئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے نمائندوں کو یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل پر ہمدردی سے غور کیا جائے گا تا کہ جموں و کشمیر میں مزدوروں کیلئے ویلفیئر فریم ورک کو مضبوط بنایا جا سکے ۔ دوران میٹنگ ایم وائی تاریگامی نے بات کرتے ہوئے حقیقی مطالبات پر ہمدردانہ غور کرنے اور مزدوروں کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے اَقدامات اُٹھانے پر زور دیا۔










