نائب وزیر اعلیٰ نے لوہڑی کی مبارکباد پیش کی ، جموں میں عوامی وفود سے ملاقات

نائب وزیر اعلیٰ نے لوہڑی کی مبارکباد پیش کی ، جموں میں عوامی وفود سے ملاقات

جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے لوہڑی کے مبارک موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تہوار کی ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لوہڑی فطرت کی نعمتوں کا جشن ہے اور یہ موسموں کی تبدیلی کی طرف بہار کی جانب اشارہ کرتی ہے ۔ عوام کو امن ، خوشحالی اور مسرت کی دعائیں دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار جموں و کشمیر بھر میں امن ، ہم آہنگی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گا ۔ اس سے قبل دن میں نائب وزیر اعلیٰ نے جموں کے سول سیکرٹریٹ میں مختلف عوامی اور انفرادی وفود سے ملاقات کی ۔ انہوں نے دوبارہ زور دیا کہ حکومت جموں و کشمیر کی جامع اور ہمہ گیر ترقی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ ان ملاقاتوں کے دوران مختلف اضلاع سے وفود بشمول صنعت کار ، کاروباری نمائندے ، طلباء ، روز گار کے خواہشمند ، ابھرتے ہوئے کاروباری افراد ، سول سوسائٹی تنظیمیں اور انفرادی وفود نے نائب وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل ، مطالبات اور اہم امور سے آگاہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور مختلف فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ مستفیدین کی کوریج اور فوری سروس کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کیں کہ ملاقاتوں میں اٹھائے گئے متعدد مسائل کو جلد اور دوستانہ طریقے سے حل کیا جائے ۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ تمام جائیز مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا تا کہ ان کا جلد اور موثر حل کیا جا سکے ۔