Dy CM chairs Review Meeting of Mining Department

نائب وزیر اعلیٰ نے صوبہ کشمیر میں جیولوجی و کان کنی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

کہا، معدنیات کی غیر مجاز نکالنے اور ٹرانسپورٹیشن کو روکنے کیلئے سخت اَقدامات پر عمل در آمد کیا جائے

سری نگر//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے خطے میں غیر قانونی کان کنی پر روک لگانے ک ی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے اَفسروں کو معدنیات کی غیر مجاز نکالنے اور ٹرانسپورٹیشن کو روکنے کے لئے سخت اَقدامات پر عمل درآمد کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے اِن خیالات کا اظہارآج سول سیکرٹریٹ سری نگر میں محکمہ کان کنی (کشمیر ڈویژن) کے اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ممبران اسمبلی اننت ناگ ویسٹ کے ماجد لارمی، سوناواری ہلال لون، چھانہ پورہ مشتاق گورو بھی موجود تھے۔میٹنگ میں کمشنرسیکرٹری محکمہ کان کنی، ڈائریکٹر، جیولوجی اینڈ مائننگ،سپیشل سیکرٹری کان کنی محکمہ،جوائنٹ ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ (کشمیر)اور صوبہ کشمیر کے تمام ڈِسٹرکٹ منرل اَفسران نے بھی شرکت کی۔ڈائریکٹر نے میٹنگ کے شروعات میں آپریشنز کوآسان بنانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے کلیدی اقدامات کو پیش کیا۔ ان میں اِی۔ نیلامی میں منتقلی، اِی۔ چالان کا اجرأ اور اِی۔ مارکیٹ ویب پورٹل کا اجرأ اور عوام کو تعمیراتی مواد کی فراہمی اور حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے متعدد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے جدید ٹیکنالوجی جیسے جی پی ایس سے چلنے والی گاڑیوں ، کان کنی کے مقامات پر سی سی ٹی وی نگرانی اور ڈرون مانیٹرنگ کے ذریعہ نگرانی میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’اَفسروں کو غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے اور روکنے کے لئے کان کنی کے مقامات کا باقاعدگی سے اور اچانک معائینہ کرنا چاہئے۔‘‘ نائب وزیرا علیٰ نے ای مارکیٹ ویب پورٹل پر درست اور ریئل ٹائم ڈیٹا انٹری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نکالی گئی تمام مقداروں کا صحیح حساب رکھا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی کان کنوں اور ٹرانسپورٹروں کے خلاف فوری کارروائی کے لئے محکمہ کان کنی اور قانون عملانے والے اداروں کے مابین قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ محکمہ کو مقامی کمیونٹیوںمیں غیر قانونی کان کنی کے قانونی مضمرات کے بارے میں بیداری مہم شروع کرنی چاہئے اور انہیں غیر مجاز سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی ترغیب دینی چاہئے۔ اُنہوں نے افسروںکو غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد اور اداروں پر سخت جرمانے عائد کرنے کی بھی ہدایت دی۔نائب وزیراعلیٰ نے ای مارکیٹ پورٹل پر اپ لوڈ کئے جانے والے مواد کی مقدار پر کڑی نظر رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ ڈیٹا درست اور ہیرا پھیری سے پاک ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف غیر قانونی کان کنی کی روکتھام ہوگی بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور قدرتی وسائل کے دیر پا استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔