اسپورٹس اسٹیڈیم نوشہرہ میں بارڈر سپورٹس فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا
نوشہرہ//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چوہدری نے 80 ویں انفنٹری بریگیڈ کی جانب سے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور شفا ملٹی اسپیشلٹی کلینک نوشہرہ کے اشتراک سے سینئر سکینڈری سکول سیری نوشہرہ میں ایک میگا ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا ۔ اس کیمپ میں سرحدی اور دور دراز علاقوں کے بڑی تعداد میں لوگوں کو طبی خدمات فراہم کی گئیں ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور ٹرانسپورٹ مسٹر ستیش شرما کے ہمراہ اسپورٹس اسٹیڈیم نوشہرہ میں بارڈر سپورٹس فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر معززین نے اسٹیڈیم میں والی بال کورٹ ، پریکٹس پچ اور دیگر متعلقہ کاموں کی تعمیر کیلئے بنیاد بھی رکھی ۔ پروگرام کا آغاز جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے سیکرٹری نزہت گل کے خوش آمدید خطاب سے ہوا جنہوں نے سرحدی علاقوں میں سپورٹس انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے اور سپورٹنگ کلچر کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوشہرہ میں سپورٹس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے 2 کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبے منظور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسٹیڈیم کو مناسب لائیٹنگ کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور مزید ترقیاتی کاموں کیلئے اپنے حلقہ انتخابی فنڈ ( سی ڈی ایف ) سے 20 لاکھ روپے جاری کئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بارڈر سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا پرجوش استقبال کیا اور زور دیا کہ کھیل نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رہبرِ کھیل کی ریگولرائزیشن پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دیں ۔ اس موقع پر مسٹر ستیش شرما نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بارڈر سپورٹس کو فروغ دینے ، روز گار کے مراکز قائم کرنے اور انڈور سپورٹس سہولیات کو مضبوط کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ آج کا پسینہ کل کی کامیابی بن جاتا ہے ‘‘ اور منشیات کی لعنت اور نارکو ٹیرریزم سے نمٹنے کیلئے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔ بارڈر سپورٹس فیسٹیول کے تحت ایک پُر جوش دنگل ( روائتی کشتی ) مقابلہ ، کبڈی مقابلہ اور رسہ کشی بھی منعقد کی گئیں جن میں پرجوش شرکت اور بڑی تعداد میں عوامی شرکت دیکھنے میں آئی ۔










