سب کو کسانوں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی
ہریانہ//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے بھارت کے سابق نائب وزیر اعظم اور ہریانہ ریاست کے بانی چوہدری دیوی لال کی 112 ویں یومِ پیدایش کی تقریبات میں شرکت کی ۔ یہ موقع ’’ سمان دیوس ‘‘ کے طور پر نیو اناج منڈی روہتک میں منایا گیا ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن تاریخی اہمیت رکھتا ہے اور سب کو چوہدری دیوی لال کے بتائے ہوئے راستے اور اصولوں پر چلنے کی ترغیب دی جنہوں نے اپنی زندگی کسانوں اور عام لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری دیوی لال ہمیشہ کسانوں ، یومیہ اجرت مزدوروں ، دکانداروں ، سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ ان کے دورِ اقتدار میں انہوں نے بوڑھوں کیلئے پینشن ، کسانوں کے قرضوں کی معافی اور چھوٹے تاجروں کیلئے ٹیکس میں رعایت جیسے موثر فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا ۔ انہوں نے ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری اوم پرکاش چوٹالہ کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چوہدری دیوی لال کے وژن کو آگے بڑھایا ۔ انہوں نے کہا ’’ اوم پرکاش چوٹالہ واقعی ہریانہ کے آہنی انسان تھے ان کی قیادت اور لگن نے ریاست میں شاندار ترقی کی راہ ہموار کی اور چوہدری دیوی لال کے تصور کردہ بہت سے منصوبوں کو مکمل کیا ۔ ‘‘










