کٹھوعہ کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی
کٹھوعہ//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ خاندانوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے سڈکو گھاٹی انڈسٹریل اسٹیٹ کٹھوعہ میں قائم کردہ امدادی کیمپ کا دورہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بے گھر ہونے والے خاندانوں سے بات چیت کی ، صبر کے ساتھ ان کے خدشات سُنے اور انہیں حکومت کی مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے امدادی کیمپ میں متاثرہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کندھے سے کھندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ ان کی فوری امداد اور طویل مدتی بحالی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا ۔ اس دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے بھی گھاٹی کے ملحقہ دیہات کو جوڑنے والے پُل کا معائینہ کیا جسے اس واقعے میں نقصان پہنچا تھا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر بحالی کا کام کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا رابطے کی بحالی اولین ترجیح ہے اور انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جنگی بنیادوں پر کاموں کو عملی جامہ پہنائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ملٹری ہسپتال پٹھانکوٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اس واقعے میں زیر علاج زخمیوں کے بارے میں استفسار کیا ۔ انہوں نے طبی عملے کے بروقت ردِ عمل کی تعریف کی اور انہین ہدایت دی کہ وہ ان کی مکمل صحت یابی تک زخمیوں کو بہترین ممکنہ علاج فراہم کریں ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جکھول اور جنگلوٹ میں کلاؤڈ برسٹس اور فلیش فلڈ سے متاثرہ زخمیوں اور خاندانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے انہین یقین دلایا کہ طبی نگہداشت اور بحالی کی مدد سمیت تمام ضروری امداد کو بغیر کسی تاخیر کے بڑھایا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا لوگوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے حکومت امداد فراہم کرنے اور خراب شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ تمام متاثرہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے نگرانی کو برقرار رکھیں اور متاثرہ آبادی کو بروقت مدد کو یقینی بنائیں ۔










