سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے مختلف اجزاء کے تحت ضلع راجوری کے نوشہرہ حلقہ میں پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) کے ذریعے انجام دئیے جانے والے ترقیاتی کاموں پر فزیکلی اور مالی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے متعلقہ افسران کی منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی اسکیموں کے تحت حلقہ انتخاب میں جاری منصوبوں کی پیش رفت اور اثرات کا جائیزہ لیا گیا ۔ جائیزے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ جو نوشہرہ حلقہ کے ایم ایل اے بھی ہیں ، نے آر اینڈ بی سیکٹر کے مختلف پہلوؤں کا ایک جامع جائیزہ لیا جس میں یو ٹی کیپیکس ، سٹی اینڈ ٹاؤن ، نابارڈ سماگرا ، پی ایم جی ایس وائی اور اس سے متعلق پروگراموں کے تحت مختلف منصوبوں پر عمل درآمد بھی شامل ہے ۔ چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) زون پیر پنچال نے نائب وزیر اعلیٰ کو جاری اور نئے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ تفصیلی جائیزے پر بات کرتے ہوئے مسٹر سریندر چودھری نے آر اینڈ بی سیکٹر پروجیکٹس میں مرکزی اصولوں کی حیثیت سے شفافیت اور احتساب پر زور دیا ۔ انہوں نے ترقیاتی اثاثوں کی تعمیر میں دوسرے محکموں کے ساتھ ہم آہنگی پر زور دیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس مالی سال کے دوران تمام کاموں خاص طور پر کلر پوٹھا برج اور چکلی باگلا برج جس کی تکمیل کے بعد متعدد مقامی لوگوں کو فائدہ ہو گا ، کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر چودھری نے سی ای کو ہدایت دی کہ وہ مستقل بنیادوں پر ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے اور محکمہ سازی کے کاموں کی نگرانی کے علاوہ زیر التواء کاموں کی تکمیل پر توجہ دیں ۔ انہوں نے سبھی جاری کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔










